شاہ ویر کادوانی کو شاہ رخ خان کی نقل کرنا مہنگا پڑ گیا، سوشل میڈیا پر ٹرولنگ
پاکستانی ڈراموں کے ابھرتے ہوئے اداکار شاہ ویر کادوانی بھارتی سپراسٹار شاہ رخ خان کے مخصوص اور مشہور انداز کی نقل پر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
ان دنوں نجی ٹی وی کے ایک ڈرامے میں شاہ ویر کے غصیلے اور شدت پسند عاشق والے انداز کو پہلے ہی ناظرین کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
اس تمام تر صورتحال کے باوجود اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نئی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ایک چھت پر کھڑے نظر آتے ہیں۔
ویڈیو میں پس منظر میں شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے‘ کا مشہور گانا ’گیروا‘ چل رہا ہے، جبکہ شاہ ویر شاہ رخ خان کی طرح دونوں بازو پھیلائے اور چہرے کے تاثرات بناتے ہوئے نظر آئے۔
شاہ رخ خان کا یہ انداز ان کی پہچان بن چکا ہے اور ان کے مداح بھی اکثر اسے مختلف مواقع پر دہراتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم، شاہ ویر کی ویڈیو پر کئی صارفین نے پسندیدگی کے بجائے مزاحیہ اور طنزیہ تبصرے کیے۔
ویڈیو کے منظرِ عام پر آتے ہی صارفین نے تبصروں کی برسات کر دی اور اداکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اتنی زیادہ تنقید اور ناپسندیدگی کے باوجود اداکار کے حوصلے اور اعتماد کی داد دینی پڑے گی، جبکہ کچھ لوگوں نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ شاہ ویر کی بنائی گئی ویڈیوز کے مقابلے میں ان کی پوسٹس کے نیچے موجود کمنٹ سیکشن زیادہ تخلیقی اور دلچسپ ہوتا ہے۔

