دل کھول کے اضافی رنز دینا شاہینوں کا شیوہ بن گیا، نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی ٹیم نے 32 اضافی رنز دیے، قومی بالرز نے 20 وائیڈ بالز بھی کروائیں جو پاکستان کو مہنگی ثابت ہوئیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلا جارہا ہے، جس میں پاکستان نے کیوی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران پاکستانی ٹیم نے 32 اضافی رنز دے کر اپنی بولنگ مشکلات میں اضافہ کردیا، قومی بولرز کی ناقص لائن اور لینتھ کے باعث 20 وائیڈ بالز کروائی گئیں، جو پاکستان کے لیے مہنگی ثابت ہوئیں۔
اس سے قبل پہلے ون ڈے میں بھی شاہینوں نے 43 اضافی رنز دیے تھے، جس پر کرکٹ شائقین نے شدید تنقید کی تھی۔
اضافی رنز کا یہ سلسلہ نہ صرف مخالف ٹیم کو فائدہ پہنچا رہا ہے بلکہ پاکستانی بولنگ اٹیک کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان بن چکا ہے۔