پاکستان کا ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت
پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں زخمی ہونے والے 6 پاکستانی شہریوں سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پُرعزم ہے۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ریاض ایئرپورٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس نوعیت کے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔
وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی حکام سے رابطے میں ہے اور صورت حال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ سعودی حکام کے ساتھ رابطہ اور تعاون یقینی بنائے تاکہ حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جاسکے۔
اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔