مہنگے فیشل پر ہزاروں روپے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں، گھر میں بنا یہ فیس پیک آزمائیں

چہرے کو صاف، نرم اور تروتازہ رکھنے اور کسی بھی خاص تقریب کے موقع پر مختلف محفلوں اور تقاریب کی تیاری کے لیے بیوٹی پارلر جا کر مہنگے فیشل اور بلیچ کروانا ایک عام روایت ہے، لیکن اکثر گھریلو مصروفیات اور وقت کی کمی کی وجہ سے پارلر جانا ممکن نہیں ہوتا اور بجٹ بھی متاثر ہو جاتا ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر بار پارلر جا کر مہنگا فیشل کروایا جائے۔ گھر میں موجود کچھ عام چیزوں سے بھی فیس پیک تیار کیا جا سکتا ہے، جو جلد کو تازگی اور نرمی دینے میں مدد دے سکتا ہے۔

بہت سی خواتین جلد کی دیکھ بھال کے لیے ایسے طریقے تلاش کرتی ہیں جو کم خرچ ہونے کے ساتھ آسان بھی ہوں۔ جلد کی دیکھ بھال سے جڑے اس بہترین گھریلو طریقے میں چند انتہائی عام اور قدرتی اشیاء کا استعمال کیا جاتا ہے۔

گھریلو فیس پیک تیار کرنے کے لیے ایک کھانے کا چمچ چاول کا آٹا، ایک کھانے کا چمچ گندم کا آٹا، ایک چائے کا چمچ کافی اور آدھا چائے کا چمچ شہد لیں۔ ان تمام اجزا کو ایک پیالے میں اچھی طرح مکس کریں۔

اب اس میں تھوڑا سا دودھ شامل کریں تاکہ نرم پیسٹ بن جائے۔ اگر چاہیں تو تھوڑی مقدار میں کھیرے کا رس بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ بعض گھریلو نسخوں میں آلو کا رس بھی استعمال کیا جاتا ہے، لیکن جلد کی رنگت نکھارنے اور داغ دھبے دور کرنے میں اس کی افادیت کے مضبوط سائنسی شواہد محدود ہیں۔

اس فیس پیک کی سب سے بڑی خوبی اس میں موجود آلو اور کھیرے کے رس کا امتزاج ہے، جو جلد پر ایک قدرتی بلیچ کا اثر دکھاتا ہے۔ چاول کا آٹا اور کافی جلد کے مردہ خلیات کو ختم کر کے رنگت میں نکھار اور تازگی پیدا کرتے ہیں، جبکہ شہد اور دودھ جلد کی قدرتی نمی کو برقرار رکھتے ہوئے اسے نرم و ملائم بناتے ہیں۔

ماہرینِ حسن کے مطابق اگر اس پیک کو ہر پندرہ دن میں ایک بار باقاعدگی سے استعمال کیا جائے تو یہ نہ صرف چہرے کے داغ دھبوں اور چھائیوں کو ہلکا کرنے میں مدد دیتا ہے بلکہ جلد پر ایک دیرپا اور قدرتی چمک بھی پیدا کرتا ہے۔

فیس پیک لگانے کا درست طریقہ

فیس پیک لگانے سے پہلے چہرے کو نرم کلینزر سے صاف کریں۔ کسی بھی نئے آمیزے کو پورے چہرے پر لگانے کے بجائے پہلے جلد کے ایک چھوٹے حصے پر آزما لیں۔ اگر جلن، خارش یا سرخی محسوس ہو تو اسے فوراً دھو دیں۔

اگر آمیزہ استعمال کرنے کے بعد جلد پر کوئی تکلیف نہ ہو تو اسے احتیاط سے لگائیں، آنکھوں کے اطراف سے دور رکھیں اور جلد پر زور سے نہ رگڑیں۔ بعد میں صاف پانی سے چہرہ دھو کر اپنی جلد کے مطابق موئسچرائزر لگائیں۔

چہرے کی قدرتی تازگی برقرار رکھنے کے لیے کیا کریں؟

چہرے کی صحت اور تازگی کے لیے روزانہ مناسب نیند لینا، متوازن غذا کھانا، جلد کو صاف رکھنا اور موئسچرائزر استعمال کرنا اہم ہے۔ دن کے وقت دھوپ سے بچاؤ کے لیے سن اسکرین کا استعمال بھی ضروری ہے۔

Related posts