وزیر اعظم کی خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر توجہ دینے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی وجوہات سے آگاہ کیا جب کہ پارٹی کو صوبے میں مزید متحرک کرنے اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کردی گئی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی جب کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کو مزید متحرک کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ جب کہ وزیراعظم نے تنظیمی عہدیداروں کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری اور انتخابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران پارلیمانی پارٹی کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق وجوہات سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا کے ترقیاتی کاموں اور مسلم لیگ (ن) کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں امیر مقام، زاہد خان، مرتضیٰ عباسی، رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال کو شامل کیا گیا ہے۔

امیر مقام کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کمیٹی میں خیبرپختونخوا سے مزید ارکان شامل کرسکتے ہیں جب کہ کمیٹی صوبے کے ترقیاتی اور تنظیمی امور سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ مقامی حکومتوں کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد سے تاخیر کا شکار ہے۔ صوبے میں پہلے مرحلے کے تحت منتخب ہونے والے بلدیاتی اداروں کی 4 سالہ مدت مارچ 2026 جب کہ دوسرے مرحلے کے اداروں کی مدت جون 2026 میں ختم ہوگئی تھی تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی قوانین میں ترامیم اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث حلقہ بندیوں کا عمل متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں انتخابات بروقت منعقد نہیں ہوسکے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 28 اکتوبر 2026 کو بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ان تمام اضلاع میں فوری انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، جہاں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے صوبائی حکومت اور متعلقہ انتخابی حکام کو انتخابی شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ فیصلے کے مطابق 23 اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل ہوچکی ہیں، اس لیے وہاں انتخابی عمل میں مزید تاخیر نہ کی جائے جب کہ دیگر اضلاع میں حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ آئینی ہنگامی حالت سے متاثرہ خیبرپختونخوا کے 12 قبائلی اضلاع میں فی الحال بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔ ان اضلاع میں کرم، اپر وزیرستان، لوئر وزیرستان، شمالی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔ صوبائی انتظامیہ نے امن و امان کی صورت حال، بعض علاقوں میں فوج کی تعیناتی اور ہنگامی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے ان اضلاع میں انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت اور متعلقہ انتظامی اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی تھی۔ کمیشن کے مطابق جن اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل ہیں، وہاں انتخابی عمل آگے بڑھایا جائے جب کہ باقی علاقوں میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا جائے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورت حال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان اختلافات کے تناظر میں وفاقی کابینہ نے 11 اکتوبر 2026 کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنے کی منظوری دی۔ بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر اسی روز سمری پر دستخط کرتے ہوئے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی منظوری دی۔

وفاقی حکومت کے مطابق اس اقدام کی وجوہات میں صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مطلوبہ تعاون کی کمی شامل تھی۔ گورنر راج کے تحت خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو صوبائی حکومت کے انتظامی امور کی ذمہ داریاں سونپی گئیں جب کہ ان کی معاونت کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل قائم کی گئی۔

بعد ازاں 15 اکتوبر 2026 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق صدارتی اعلانات کی منظوری دے دی۔

Related posts