راولاکوٹ میں مسلح افراد کی فائرنگ، کئی پولیس اہلکار زخمی

آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولا کوٹ میں بس ٹرمینل کے اطراف سے رکاوٹیں ہٹانے کے دوران مسلح افراد نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

پونچھ ریجن پولیس کے ترجمان کے مطابق حملہ ایک کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد نے اس وقت کیا جب پولیس اہلکار بس ٹرمینل کے اطراف قائم رکاوٹیں ہٹا رہے تھے۔

پولیس ترجمان کا دعویٰ ہے کہ حملے میں جدید اور خودکار ہتھیار استعمال کیے گئے۔ حکام نے ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے دوران آٹومیٹک گرینیڈ لانچر (اے جی ایل) جیسے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

پولیس انتظامیہ کے مطابق مسلح گروہ کی پرتشدد سرگرمیوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے متضاد دعوؤں کو پولیس نے من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

پولیس ترجمان نے مزید الزام عائد کیا کہ علاقے میں بدامنی پھیلانے والا مسلح گروہ بیرون ملک مقیم یا بیرونی عناصر کی ایما پر حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

واقعے کے بعد آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں اور شہریوں نے خطے میں مسلح گروہوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق علاقے میں صورت حال پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

Related posts