پاکستان کی ریاض میں سعودی آرامکو کی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی مذمت

پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظہر ہے۔ بیان میں حوثیوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔

پاکستان نے حوثیوں کے حملے کو بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت قرار دیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ضروری تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور سعودی عوام کی حفاظت اور فلاح کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

پاکستان کا یہ بیان ایک روز بعد سامنے آیا ہے جب یمن کے حوثی گروپ نے ریاض کے شاہ عبداللہ مالیاتی ضلع میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ حملے کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔

سعودی حکام نے پیر کو ریاض کے شہریوں کو فضائی خطرے سے متعلق مختصر انتباہ بھی جاری کیا۔ سعودی سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ گھروں کے اندر یا کسی محفوظ مقام پر رہیں، کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ علاقے کو دشمن کی جانب سے فضائی خطرے کا سامنا ہے اور شہری پرسکون رہیں۔ چند منٹ بعد یہ انتباہ واپس لے لیا گیا اور حکام نے اشارہ دیا کہ فوری خطرہ ٹل چکا ہے۔ حوثیوں نے پیر کو ریاض پر کسی نئے حملے کا اعلان نہیں کیا۔

سعودی عرب کی وزارت توانائی نے اتوار کو بتایا تھا کہ ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو حملے کی کوشش کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گرنے والے شیل کے ٹکڑوں سے عمارت کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کوئی شخص زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے عینی شاہدین نے عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے اور بیرونی حصے کو نقصان پہنچنے کی اطلاع دی تھی۔ یہ عمارت شاہ عبداللہ مالیاتی ضلع میں واقع ہے، جہاں سعودی کمپنیوں، بین الاقوامی اداروں، سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور اسٹاک ایکسچینج کے دفاتر موجود ہیں۔

حوثی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ ڈرونز کے ذریعے چار فوجی کارروائیاں کیں۔ گروپ نے اپنے بیان میں ریاض کے مالیاتی ضلع، دارالحکومت کے ہوائی اڈے، آرامکو کے تیل ذخیرہ کرنے کے مراکز اور مشرقی سعودی شہر ابقیق کو اہداف میں شامل کیا تھا۔

سعودی قیادت میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والی اتحادی نے بتایا تھا کہ اتوار کی صبح ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کردیے۔ اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق میزائلوں کو روکنے کے دوران سعودی دارالحکومت میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

پاکستان اس سے قبل بھی سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مملکت کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دے چکا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اجتماعی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ موجود ہے، جب کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں ترکیہ بھی شامل ہے۔

Related posts