تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج، اٹک میں ریڈ الرٹ، مساجد سے اعلانات

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی چھوڑے جانے کے بعد ضلع اٹک کی انتظامیہ نے تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر حضرو اور چھچھ کے دیہات میں رات گئے مساجد کے ذریعے اعلانات کروا کر شہریوں اور زمینداروں کو دریا کے قریب جانے سے روک دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق دوپہر 12 بجے تک دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھنے کا امکان ہے۔ اچانک اعلانات کے بعد مقامی آبادی میں تشویش پھیل گئی، تاہم کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں دریا کے کناروں پر تعینات کردی گئی ہیں۔

پانی کے اخراج کی وجہ تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے (ٹی 5) کی سرنگ میں پیش آنے والا حادثہ بتایا گیا ہے۔ منصوبے کی رابطہ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے اور حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوگیا تھا۔ واقعے کے بعد منصوبے پر تمام تعمیراتی کام غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تصدیق کی کہ تمام ملکی اور غیر ملکی اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ سرنگ میں پانی بھرنے کے دوران ایک پاکستانی کارکن تیز بہاؤ میں بہہ گیا تھا، تاہم اسے بروقت ریسکیو کرلیا گیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ٹنل نمبر 5 یا ڈیم کے مرکزی حفاظتی بند کے منہدم ہونے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

واپڈا ترجمان کے مطابق حادثہ سیکنڈ بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک حصہ گرنے سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں انٹیک پٹ کے ذریعے پانی سرنگ میں داخل ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیم کی مرکزی ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ ورک سائٹس کی جانب مزید پانی کا داخلہ بھی روک دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو جائزہ لے گی کہ واقعہ ڈھانچے کی کمزوری یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 807 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت 1530 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کی جائے گی، جس سے تربیلا ڈیم کی مجموعی پیداواری صلاحیت 6418 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔

عالمی بینک اور ایشیائی بنیادی ڈھانچہ سرمایہ کاری بینک کے تعاون سے جاری اس منصوبے کی تکمیل ستمبر 2027 میں طے ہے۔ تاہم ماضی میں بھی مختلف تکنیکی اور انتظامی وجوہات کے علاوہ اگست 2025 میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث تعمیراتی کام متاثر ہوچکا ہے۔

Related posts