سپرمارکیٹوں پر سائبر حملے کا الزام پاسدارانِ انقلاب پر عائد، فرانس کا ایران پر یورپی پابندیوں کا مطالبہ

فرانس نے گزشتہ ماہ ملک بھر کی سپرمارکیٹوں کے ریفریجریشن سسٹمز پر ہونے والے بڑے سائبر حملے کی ذمہ داری باضابطہ طور پر ایران پر عائد کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کر لیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف یورپی یونین کے سطح پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیرس کے پراسیکیوٹرز نے پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کی کہ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ اس بڑے پیمانے کے سائبر حملے کے پیچھے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا ہاتھ تھا۔

فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے اس واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جبکہ پیرس میں ’جی 7‘ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئیل بارو نے کہا کہ اس انتہائی سنگین کارروائی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے ایرانی سفیر کو طلب کیا گیا ہے۔

 فرانس کی سپر مارکیٹوں پر سائبر حملے کے بعد فریزرز پر نوٹس چسپاں ہیں۔
فرانس کی سپر مارکیٹوں پر سائبر حملے کے بعد فریزرز پر نوٹس چسپاں ہیں۔

انہوں نے اس حملے کو بے مثال اور انتہائی جارحانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانس کی سر زمین پر تخریب کاری کے مقصد سے کیا جانے والا یہ پہلا بڑا سائبر حملہ ہے، جو قومی مفادات اور عوام کی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پیرس کی پراسیکیوٹر لور بیکو نے بتایا کہ کسی غیر ملکی طاقت (ایران) کے مفادات کے لیے منظم سائبر کرائم کے جرم کے تحت باضابطہ عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

فرانسیسی سائبر سیکیورٹی ایجنسی (انسی) کے مطابق یہ حملہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ”شہید کاوہ“ نامی سائبر یونٹ نے کیا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان نے حملے میں فارسی زبان اور ایران میں موجود ڈیوائسز کے آئی پی ایڈریسز کا استعمال کیا، جس کے بعد اس گروپ کے سربراہ اور ان کے دو معاونین کے خلاف بین الاقوامی وارنٹِ گرفتاری حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

یہ واقعہ 12 اکتوبر کی صبح پیش آیا تھا جب حملہ آوروں نے سائبر اٹیک کے ذریعے فرانس بھر کی تقریباً 700 سپرمارکیٹوں اور دکانوں کے کولنگ سسٹمز پر درجہ حرارت کو چھ گھنٹوں کے لیے 50 ڈگری سینٹی گریڈ (122 فارن ہائٹ) تک پہنچا دیا تھا، جس کے باعث کاروباری اداروں کو تازہ اور منجمد خوراک ضائع کرنا پڑی۔

 فرانس کی سپر مارکیٹوں پر سائبر حملے کے بعد خراب ہوچکی خورانی اشیا کو ضائع کیا جارہا ہے۔
فرانس کی سپر مارکیٹوں پر سائبر حملے کے بعد خراب ہوچکی خورانی اشیا کو ضائع کیا جارہا ہے۔

سپرمارکیٹ چین ”انٹر مارچے“ کے مطابق انہیں صرف ایک دن میں کروڑوں یورو کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

اس کے علاوہ حال ہی میں فرانس کے بلڈ بینکس پر بھی درجہ حرارت بڑھانے کی ناکام کوشش کی گئی، جبکہ سویڈن، بیلجیم، لکسمبرگ، آئرلینڈ اور ایسٹونیا کی سپرمارکیٹوں کو بھی فریزر سسٹمز میں ایسے ہی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Related posts