خیبر پختونخوا میں پولیس پر حملے، 12 اہلکار شہید، 18 دہشتگرد ہلاک

صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع کوہاٹ اور صوابی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے دو الگ الگ واقعات میں کُل 12 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 18 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سب سے بڑا واقعہ کوہاٹ کے علاقے درابو کچ میں پیش آیا جہاں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن سے واپس آنے والی پولیس ٹیم پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 18 حملہ آور ہلاک کر دیے گئے۔

حکام نے بتایا کہ کوہاٹ میں پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف ایک مشترکہ کارروائی مکمل کی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق واپسی کے دوران مقامی جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر کالعدم شدت پسند تنظیم ’فتنہ الخوارج‘ کے مسلح افراد نے پولیس پارٹی کو گھات لگا کر نشانہ بنایا۔

پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا اور اس دوران 18 دہشتگرد مارے گئے۔

دوسری جانب صوبے کے ضلع صوابی میں بھی مسلح افراد نے منصوری پولیس چوکی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

صوابی پولیس کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر پولیس اہلکار ولید اور ذوالفقار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اہلکار محمد شاہد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی اضافی نفری صوابی میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جاں بحق اہلکاروں کی لاشوں سمیت زخمی اہلکار محمد شاہد کو طبی امداد کے لیے باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق دونوں اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور حملہ آوروں کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

Related posts