مبینہ افیئر میں پھنسنے ولے این ویڈیا کے سربراہ کو ایلون مسک کی بڑی پیشکش

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کو مبینہ افیئر کے الزامات کے باعث عہدے سے ہٹائے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم ایلون مسک نے انہیں ملازمت دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ ان دنوں مختلف الزامات کی زد میں ہیں۔ پہلے ایک مبینہ چینی جاسوس ایلس ہوانگ کے ساتھ ان کے معاشقے کی خبریں سامنے آئیں، جس کے بعد اب کمپنی کی اعلیٰ عہدیدار کمبرلی پاول کے ساتھ بھی قریبی تعلقات کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

ان حالات میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے ایلون مسک کو مشورہ دیا کہ اگر این ویڈیا جینسن ہوانگ کو ملازمت سے فارغ کرتی ہے تو وہ انہیں اپنی کمپنی میں بھرتی کرلیں۔ ایلون مسک نے اس تجویز پر مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔‘‘

یہ پہلا موقع نہیں جب ایلون مسک نے جینسن ہوانگ کی حمایت کی ہو۔ اس سے قبل جب ہوانگ نے این ویڈیا کے ملازمین کو ایک اندرونی پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کیا تھا تو ایلون مسک نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے اتفاق کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ہوانگ نے انتہائی احمقانہ کام کیا، لیکن ان کی نیت بری نہیں تھی۔

اس پوسٹ میں جینسن ہوانگ کو موجودہ نسل کے عظیم کاروباری افراد میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ امریکا کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں قیادت کے لیے ان کی خدمات کا کوئی متبادل نہیں۔ ایلون مسک نے اس پر جواب دیا تھا کہ میں اتفاق کرتا ہوں۔

ایلون مسک اور جینسن ہوانگ کے درمیان کئی برس پرانے کاروباری تعلقات ہیں۔ دونوں نے مختلف ٹیکنالوجی منصوبوں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ 2016 میں جب ایلون مسک اوپن اے آئی سے وابستہ تھے تو انہوں نے این ویڈیا کا پہلا اے آئی سپر کمپیوٹر ڈی جی ایکس ون خریدا تھا۔ اس موقع پر جینسن ہوانگ خود یہ مشین لے کر سان فرانسسکو میں اوپن اے آئی کے دفتر پہنچے تھے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جینسن ہوانگ کا دفاع کیا ہے۔ رواں ہفتے ایک بیان میں ٹرمپ نے انہیں ’’ایک قابل احترام شخص‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکا کے لیے شاندار کام کیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں، میرے خیال میں ایسا ہی ہے۔ میں نے نہیں سنا کہ انہوں نے کوئی غلط کام کیا ہو۔

ادھر این ویڈیا کے سربراہ کے خلاف سامنے آنے والے نئے الزامات نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ کے این ویڈیا کی ہیلتھ کیئر ڈویژن کی نائب صدر کمبرلی پاول کے ساتھ بھی مبینہ قریبی تعلقات تھے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں برس مارچ میں سان ہوزے کے ایک ہوٹل میں کانفرنس کے دوران دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ قریبی انداز میں دیکھا گیا اور اس کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ویڈیو بنانے والے شخص کو اس معاملے پر خاموش رہنے کے لیے معاہدے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔

جینسن ہوانگ کی شادی لوری ہوانگ سے ہوئی ہے اور ان کے مبینہ تعلقات کی خبریں سامنے آنے کے بعد وہ دو الگ الگ معاشقوں کے الزامات کی زد میں ہیں۔

دوسری جانب بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق این ویڈیا کا بورڈ آف ڈائریکٹرز جینسن ہوانگ کی جگہ نئے سربراہ کی تلاش کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے کمپنی نے ایک بیرونی ادارے کی خدمات بھی حاصل کی ہیں، جبکہ مستقل سی ای او کی تقرری تک عبوری سربراہ مقرر کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے حصص کی قیمت میں کمی بھی اس صورتحال کے دوران سامنے آئی ہے۔

جینسن ہوانگ نے تازہ الزامات پر تاحال کوئی بیان نہیں دیا، تاہم اس سے قبل ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں انہوں نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کیا تھا۔

انہوں نے لکھا تھا کہ میں اپنی بیوی سے بے وفائی کا مرتکب ہوا۔ میرے اقدامات سے میری اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی۔ میں نے جو کچھ کیا اس کا کوئی جواز نہیں اور مجھے اس پر دلی افسوس ہے۔

دریں اثنا این ویڈیا ایلس ہوانگ کے ساتھ جینسن ہوانگ کے مبینہ تعلقات کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس معاملے میں قومی سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے ریپبلکن ارکان نے بھی جینسن ہوانگ سے اس معاملے پر بریفنگ طلب کی ہے۔

چین نے ایلس ہوانگ پر جاسوسی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قیاس آرائیاں قرار دیا ہے۔

Related posts