روس اور امریکا کے یوکرین تنازع پر مذاکرات: پیوٹن کی مشرقی یوکرین سے شہریوں کے انخلا کی تجویز

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو میں امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کے دوران مشرقی یوکرین سے شہریوں کے انخلا کے لیے ایک انسانی مشن کی تجویز پیش کی ہے۔

اس ملاقات کے دوران یوکرین کے ساتھ قیدیوں کے بڑے پیمانے پر تبادلے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ روسی صدر نے یوکرین کے تنازع کے ایک پائیدار حل پر زور دینے کے ساتھ ساتھ امن مشن کے تحت کسی بھی غیر ملکی فوج کی تعیناتی کی مخالفت کا مؤقف ایک بار پھر دہرایا۔

دوسری جانب امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سہ فریقی مذاکرات کے اگلے دور کی تیاریاں فوری طور پر شروع کی جائیں گی۔

اس سے قبل امریکی نمائندوں جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف نے آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بھی ملاقات کی، جس میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی تازہ ترین صورتحال اور تنازع کے پرامن خاتمے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران یوکرینی صدر زیلنسکی نے یوکرین کے زیرِ استعمال امریکی سیٹلائٹ مواصلاتی نظام پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا، اور یورپ کے نئے سلامتی کے نظام کے تحت روس کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے کے عمل کو ایک عجیب صورتحال قرار دیا۔

امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس بات پر رضامندی ظاہر کر دی ہے کہ یوکرین کے امن مذاکرات کے آئندہ دور میں یورپی ممالک کے نمائندے بھی شریک ہو سکیں گے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماسکو اور ڈبلن میں ہونے والے ان اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد یوکرین کے بحران کو حل کرنے اور فریقین کے درمیان بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے کی کوششوں میں تیزی آئی ہے، تاہم تنازع کے مستقل حل کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر فریقین کے درمیان مشاورت کا عمل تحال جاری ہے۔

Related posts