شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 16 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 16 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور علی خیل میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق علی خیل کے علاقے میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں افغان شہریت رکھنے والے دو دہشتگردوں سمیت 12 خوارج ہلاک کیے گئے۔

اس کے علاوہ میر علی اور دتہ خیل کے علاقوں میں بھی کی جانے والی کارروائیوں کے دوران مزید چار خوارج کو ہلاک کیا گیا، میر علی میں دو اور دتہ خیل میں دو خوارج مارے گئے۔

ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے مابین ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

شہید ہونے والے حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی جبکہ نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر ممکنہ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے عزم استحکام کے تحت تمام کارروائیاں پوری رفتار اور عزم صمیم کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ وطن کے دفاع اور امن کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جا سکے۔

Related posts