پاکستان بچانے کے لیے نئے صوبے ناگزیر ہیں، خون بہا تو ذمہ داری بلاول بھٹو پر ہوگی: مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے اور اگر اس معاملے پر خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر عائد ہوگی۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے نہ صرف ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا بلکہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ہیپاٹائٹس فری پاکستان پروگرام کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری کے گزشتہ روز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انہیں یہ سن کر شدید افسوس ہوا کہ بلاول بھٹو نے حیدرآباد، میرپورخاص اور سکھر میں خون بہنے کی بات کی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق یہ تمام علاقے برسوں سے مہاجروں کے ہیں اور انہیں اس بات کا احساس نہیں کہ گزشتہ 18 سال سے مہاجروں کی مبینہ نسل کشی ہو رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر لاڑکانہ سے لے کر کراچی تک مہاجروں کی دکانوں اور شہر کے ایک بڑے حصے کو جلایا گیا حالانکہ بے نظیر بھٹو کو مہاجروں نے شہید نہیں کیا تھا۔

سندھ کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے دعویٰ کیا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد سے اب تک سندھ کو 22 ہزار ارب روپے مل چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود صوبے میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے، اسپتالوں میں ادویات کا فقدان ہے اور بچے کھلے گڑھوں میں گر کر جاں بحق ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے واقعی کارکردگی دکھائی ہے تو اسے نئے صوبوں کی بات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔

اپنے دورِ نظامت کا حوالہ دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انہوں نے سمندر کے اندر پانی کی لائن ڈال کر شہریوں کو پانی فراہم کیا تھا اور پیپلز پارٹی ان کے خلاف ایک گز زمین کا قبضہ بھی ثابت نہیں کر سکی، جبکہ ان کی جماعت نے کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کو توڑا۔

دوسری جانب صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ہیپاٹائٹس فری پاکستان پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو کہ مجموعی طور پر 70 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے کے لیے ایک ارب روپے جاری کیے گئے ہیں اور اسلام آباد سے اسکریننگ مہم شروع کی گئی ہے، جہاں شہریوں کا 7 ہزار روپے مالیت کا ٹیسٹ حکومت بالکل مفت کر رہی ہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق اس اسکریننگ عمل کو شفاف اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی یعنی نادرا سے معاہدہ کیا گیا ہے تاکہ ٹیسٹ ہونے والے ہر شہری کا ریکارڈ محفوظ رہے۔

انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں اب تک ایک لاکھ 50 ہزار افراد کی اسکریننگ مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ پورے ملک میں ایک کروڑ 10 لاکھ شہری ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں اس بیماری کے پھیلاؤ میں سرفہرست ہے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بروقت تشخیص ہونے کی صورت میں اس مرض کا علاج ممکن ہے اور محض 3 ماہ کے علاج سے مریض مکمل صحت یاب ہو سکتا ہے۔

Related posts