لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر، سانس لینا محال ہوگیا
فضائی آلودگی اور اسموگ میں اضافے کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے، شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 272 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بعض علاقوں میں یہ خطرناک حد تک بڑھ کر 538 تک پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بارش نہ ہونے کے باعث شہر میں گرد و غبار کی شدت برقرار ہے اور درختوں پر بھی دھول اور مٹی کی تہہ جم گئی ہے۔
اسموگ کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد حفاظتی تدابیر اختیار کیے بغیر معمولات زندگی جاری رکھے ہوئے ہے اور چھٹی کے روز تفریحی مقامات کا رخ کر رہی ہے۔
دوسری جانب فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں کارروائیاں کر رہی ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود اسموگ کی شدت میں کمی نہیں آسکی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں فی الحال بارش کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے فیس ماسک استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔