مصر: فیول ٹینکر میں دھماکا، 31 افراد جھلس کر جاں بحق، 21 زخمی
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی ایک مصروف شاہراہ پر ایندھن لے جانے والے ٹینکر کو پیش آنے والے حادثے اور اس کے نتیجے میں بھڑک اٹھنے والی شدید آگ سے 31 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 21 زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی حکام اور مصر کی وزارت صحت کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی شام قدیم شہری مرکز کے شمال میں واقع علاقے الوراق کے قریب رنگ روڈ کے ایک حصے پر پیش آیا۔
حادثے کے بعد جھلسنے اور دھویں کے باعث دم گھٹنے سے متاثرہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں رات کے آسمان کی جانب اٹھتے ہوئے آگ کے بلند شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ آگ کی لپیٹ میں آ کر قریبی متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔
اگرچہ حکام نے آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹینکر الٹنے کے باعث ایندھن قریبی گاڑیوں تک پھیل گیا تھا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔
مصر کے سرکاری اخبار ’الاحرام‘ نے تحقیقات سے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نجی ٹھیکیدار کی ملکیت یہ ٹینکر شاہراہ پر جا رہا تھا کہ اچانک اس کے سامنے ہائی وولٹیج بجلی کی تار گر گئی، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹینکر درمیان میں بنی رکاوٹ عبور کر کے دوسری جانب الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

علاقائی پبلک پراسیکیوٹر نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور جاں بحق افراد کی لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، جبکہ وزارت کی جانب سے جاری تصاویر میں وزیر صحت کو قاہرہ کے ایک اسپتال میں زخمیوں کے علاج کی نگرانی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مصر میں حالیہ برسوں کے دوران آتشزدگی کے متعدد مہلک واقعات پیش آ چکے ہیں، جہاں غیر منصوبہ بند رہائشی علاقوں اور خستہ حال بنیادی ڈھانچے کے باعث ایسے حادثات زیادہ رونما ہوتے ہیں، جبکہ امدادی اداروں کی تاخیر سے پہنچنے اور مقامی سطح پر غیر منظم امدادی کوششوں کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ سڑکوں کی ناقص دیکھ بھال اور ٹریفک قوانین کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کے باعث مصر میں ٹریفک حادثات بھی عام ہیں، اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس ملک کی سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں تقریباً 6 ہزار افراد ہلاک ہوئے جو اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں سیکڑوں زیادہ ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے ’این ایم اے‘ کے مطابق امدادی ٹیموں نے بلڈوزر کی مدد سے جلی ہوئی گاڑیوں اور ٹینکر کا ملبہ ہٹا کر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔