کراچی میں بادلوں کے ڈیرے، پنجاب سمیت خیبر پختونخواہ میں تیز بارشوں کا امکان
کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم نے کروٹ لینا شروع کر دی، جہاں ایک جانب شہر قائد میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، وہیں پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں ہلکی بارش اور بونداباندی بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان نہیں۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کیا تھا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا تھا کہ آج سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو 20 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جا سکیں۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات اور دیگر شمالی اضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف ڈویژنز میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
اسلام آباد میں موسم گرم اور جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات، جہلم اور بہاولپور میں بارش اور آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ آندھی اور گردوغبار کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔
اُدھر بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی توقع ہے۔ سندھ کے بالائی اضلاع میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر ملک کے گرم ترین علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی اور دادو میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔