یکم مئی سے ملک کے کن علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ایڈوائزری جاری

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری جاری کر دی، جس کے مطابق یکم مئی تا 7 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں بشمول خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، شمالی مشرقی بلوچستان اور سندھ کے چند اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

بالائی پنجاب میں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت لاہور اور مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے بارش جبکہ جنوبی پنجاب میں ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں میں آندھی اور طوفان کا امکان ہے۔

بلوچستان میں قلات، کوئٹہ اور قریبی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ سندھ کے علاقوں سکھر، میر پور خاص اور تھرپارکر میں آندھی اور طوفان کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

Similar Posts