صدر آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

0 minutes, 0 seconds Read

صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، جس میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ کشیدگی کے پیشِ نظر موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کے روز صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے پیشِ نظر سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بھارت کے جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اعلامے کے مطابق بھارتی رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے، پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی قوم متحد اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور افواج پاکستان کسی بھی خطرے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں بھارت کے جارحانہ رویے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا گیا اور پہلگام حملے کے حوالے سے بھارتی قیادت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان 2 دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا، بے پناہ انسانی اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی بے بنیاد الزامات پر حکومت کے ردعمل اور ذمہ دارانہ انداز میں صورتحال سے نمٹنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری ، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

اس کے علاوہ ملاقات میں کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کوویڈ 19 سے صحت یاب ہونے کے بعد صدر مملکت آصف زرداری کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

Similar Posts