وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے خطرہ ٹلنے والی بات کی تردید کرتا ہوں، خطرہ اب بھی موجود ہے، ہماری بھی تیاری مکمل ہے، ہمارا سپہ سالار فرنٹ سے لیڈ کر رہا ہے، ہماری افواج کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی، بھارت بہت بڑے دھچکے کیلئے تیار رہے۔ جو کہہ رہے ہیں بانی کو جیل سے نکال کرساتھ بٹھائیں، وہ کیا ماضی بھول گئے۔ کوئی شرم کریں، کوئی حیا کریں۔
آج نیوز کے پروگرام روبرو میں میزبان شوکت پراچہ کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی طرف سے خطرہ ٹلنے والی بات کی تردید کرتا ہوں، خطرہ 100 فیصد موجود ہے،
ہماری بھی تیاری مکمل ہے، ہمارا سپہ سالار فرنٹ سے لیڈ کر رہا ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کا دباؤ موجود ہے، اس دباؤ کا کیا نتیجہ نکلتا ہے، 2،4 روز میں واضح ہو جائے گا، پہلگام حملے میں کوئی سچائی نہیں ہے، اگر سچ ہوتا تو بھارت تحقیقات سے کیوں بھاگ رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار فرنٹ سے لیڈ کر رہے ہیں، وہ اپنی مثال سے فوج کے حوصلے بڑھا رہے ہیں، آرمی چیف نے تمام محاذوں کا دورہ کیا ہے، جوانوں کے ساتھ گھلنے ملنے سے اعتماد کی فضا میں اضافہ ہوا۔
خواجہ آصف نے آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہماری افواج کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی، بھارت بہت بڑے دھچکے کیلئے تیار رہے، ابھینندن کے وقت کیا بانی ہمارے ساتھ بیٹھا تھا؟ جو کہہ رہے ہیں اسے جیل سے نکال کر ساتھ بٹھائیں، یہ کوئی شرم کریں، کوئی حیا کریں، کیا ان لوگوں نے ماضی کو ’ڈیلیٹ‘ کر دیا۔
انھوں نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ وطن کے ساتھ مشروط وفاداری کا اظہار صرف پی ٹی آئی ہی کر سکتی ہے، باقی تمام جماعتیں پاکستان کے ساتھ ہے، ایسی حرکتیں نہ کرتا تو آج بانی باہر ہوتا۔ میں ایسے موقعوں پر یہ گفتگو نہیں کرنا چاہتا کیوں کہ ان کا رویہ سب کے سامنے ہے۔
آج نیوز کے پروگرام میں خواجہ آصف نے بتایا کہ پیر کو قومی اسمبلی کا سیشن ہے اس میں اس موضوع پر بحث ہوگی، جیسے سینیٹ میں ہوئی ہے اس کے بعد جوائنٹ سیشن کی ضرورت پڑی تو جوائنٹ سیشن بھی کریں گے۔
سرحدی علاقے سیالکوٹ کی عوام کے مورال سے متعلق پرسوال کیا گیا کہ لوگ کیا سوچ رہے ہیں، اس پر انھوں نے جواب دیا کہ سیالکوٹ کے نزدیک کنٹرول لائن نہیں وہ ورکنگ باؤنڈری ہے اور وہاں سیالکوٹ کے متعدد گاؤں آباد ہیں اور لوگ گھروں میں اطمینان کے ساتھ بیٹھے ہیں کیوں کہ انھیں اپنی فوج پر پورا اعتماد ہے اور پاکستان کے چپے چپے کا دفاع کیا جائے گا۔
اس سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت منہ کے بل گر چکا ہے، کوئی کثر رہ گئی تو ہماری افواج پوری کریں گی، پاکستان کا پانی روکنا بھارت کیلئے ناممکن ہے، اگر کوئی اسٹرکچر بنایا تو ہم اسے تباہ کر دیں گے، جارحیت صرف توپ یا بندوق سے نہیں ہوتی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قطعی طور پر ہم اپنے گارڈز ڈاؤن نہیں کر سکتے، 2019 میں بھارت نے 12 دن بعد ردعمل دیا تھا، مودی نے ووٹوں کیلئے یہ سارا ڈرامہ رچایا ہے، مودی نے پوری دنیا میں شور مچایا ہے، ابھی خطرہ ٹلا نہیں ہے، بھارت بین الاقوامی برادری سے جو امید رکھتا تھا وہ پوری نہیں ہوئی۔
وزیردفاع نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے اگر فیس سیونگ کی کوشش کی، تو ہم بھارت کی شکل پر کالک ملیں گے، ہم پہلے حملہ کر کے بھارتی ٹریپ میں نہیں آنا چاہتے، ہم صرف ردعمل طور پر کارروائی کریں گے، اگر ہم پہل کرتے ہیں تو ان کی وکٹ پر کھیلیں گے، رافیل کے ماما کو بھی ہم دیکھ لیں گے۔