ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات، سردار تنویر الیاس پیپلز پارٹی سے مستعٰفی

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھجوا دیا، جب کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات کو اپنے فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔

انہیں حلقہ وسطی باغ سے پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، جس پر وہ پارٹی قیادت سے نالاں تھے۔

سردار تنویر الیاس نے حلقہ وسطی باغ، وادی نیلم اور پچھیوٹ سے انتخابی ٹکٹ مانگے تھے، تاہم ان حلقوں سے ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ ٹکٹوں کی تقسیم منصفانہ انداز میں نہیں کی گئی۔

سردار تنویر الیاس اس وقت اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کر رہے ہیں، جب کہ امکان ہے کہ وہ جلد پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے آئندہ سیاسی لائحۂ عمل کا اعلان کریں گے۔

سردار تنویر الیاس نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز پاکستان تحریک انصاف سے کیا تھا اور 2021 کے آزاد کشمیر انتخابات کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے۔ تاہم توہینِ عدالت کے مقدمے میں نااہل قرار دیے جانے کے بعد انہیں وزارتِ عظمیٰ چھوڑنا پڑی۔

بعد ازاں وہ استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے اور پھر پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ بن گئے، تاہم ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات کے بعد انہوں نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔

Related posts