خیبر پختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری
خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ مخصوص اضلاع سمیت صوبے میں پولیس اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیے۔ جاری کردہ رقم میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبوں کے فنڈز شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کے جاری 9 منصوبوں کے لیے بقایا فنڈز کی مد میں ایک ارب 3 کروڑ 68 لاکھ 75 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں، جب کہ ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (اے آئی پی) کی اسکیموں کے لیے 4 ارب 26 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
دہشت گردی سے متاثرہ مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 86 کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفراسٹرکچر منصوبوں کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 40 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے کے لیے بھی ایک ارب 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
فنڈز میں صوبے کی ہر تحصیل اور ٹاؤن ہیڈ کوارٹر میں ماڈل پولیس اسٹیشنوں کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے شامل ہیں۔ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں آڈیٹوریم کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے، پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اسی طرح سی ٹی ڈی کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے، صوبے میں پولیس انفراسٹرکچر کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے بھی ایک کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ چارسدہ میں پولیس اسٹیشن مندنی کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ روپے، مردان میں 5 پولیس چوکیوں کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے اور خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کے ضلعی سیٹ اپ کے لیے 60 کروڑ 48 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پشاور میں فرنٹیئر ریزرو پولیس (ایف آر پی) کی پولیس لائنز کی موجودہ عمارت کی بحالی، ڈھانچے کی مرمت، تبدیلی اور توسیع کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ٹانک میں پولیس لائنز کے لیے زمین کے حصول کے سلسلے میں عدالت سے ڈگری شدہ واجبات کی ادائیگی کے لیے بھی 4 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مضبوط بنانے اور انفراسٹرکچر بہتر کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور اس ناسور کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔