ناروے کے ہالینڈ کی غلطی نے انگلینڈ کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا
میامی میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ناروے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ میچ کا فیصلہ ایکسٹرا ٹائم میں ہوا، جہاں انگلینڈ نے فاتحانہ گول اسکور کرکے کامیابی اپنے نام کی۔
میچ میں ایک ایسا لمحہ بھی آیا جس نے مقابلے کا رخ بدل دیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے تقریباً 10 منٹ بعد ناروے کے کپتان مارٹن اوڈیگارڈ نے کارنر کک لی، گیند باکس میں موجود چند کھلاڑیوں سے ٹکراتی ہوئی ٹوربیورن ہیگم تک پہنچی، جنہوں نے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ ناروے کے کھلاڑی اور شائقین جشن منانے لگے، لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اےآر) نے ریفری کو واقعے کا دوبارہ جائزہ لینے کا مشورہ دیا۔
ری پلے میں سامنے آیا کہ کارنر لینے سے پہلے ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ نے انگلینڈ کے مڈفیلڈر ایلیٹ اینڈرسن کو دھکا دے کر گرا دیا تھا۔
ریفری نے وی اے آر کا جائزہ لینے کے بعد ہالینڈ کے اس عمل کو فاؤل قرار دیتے ہوئے گول منسوخ کردیا۔ اس فیصلے پر ناروے کے کھلاڑیوں نے شدید احتجاج کیا، تاہم ریفری نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا۔
میچ کے 36ویں منٹ میں آندریاس شائل ڈراپ نے شاندارکک کے ذریعے ناروے کو برتری دلائی۔ ان کی کک سے گیند دائیں پوسٹ سے ٹکرا کر جال میں جا پہنچی اور انگلینڈ کی ٹیم دباؤ میں آگئی۔ تاہم پہلے ہاف کے اضافی وقت میں انگلینڈ کے اسٹار مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم نے قریب سے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔ یہ ٹورنامنٹ میں بیلنگھم کا پانچواں گول تھا۔
مقررہ وقت کے بعد بھی دونوں ٹیموں کا فیصلہ نہ ہوسکا، جس کے بعد میچ ایکسٹرا ٹائم میں داخل ہوا۔ اضافی وقت میں بیلنگھم نے ایک اور گول کرکے انگلینڈ کو1-2 کی برتری دلائی، جو میچ کا فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔ بیلنگھم نے دونوں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ناروے کی جانب سے واحد گول شائل ڈراپ کے نام رہا۔
ارلنگ ہالینڈ اس میچ میں زیادہ مؤثر ثابت نہ ہوسکے، تاہم وہ اب بھی ٹورنامنٹ میں سات گول کے ساتھ نمایاں اسکوررز میں شامل ہیں۔ ان سے آگے فرانس کے کیلیان ایمباپے اور ارجنٹینا کے لیونل میسی آٹھ، آٹھ گول کے ساتھ موجود ہیں۔
اس فتح کے ساتھ انگلینڈ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ انگلینڈ نے پہلی بار 1966 میں ورلڈ کپ جیت کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد 1990 اور پھر 2018 میں بھی انگلش ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی، جبکہ اب 2026 میں ایک بار پھر اس نے آخری چار ٹیموں میں جگہ بنا کر ٹائٹل کی دوڑ میں خود کو برقرار رکھا ہے۔
دوسری جانب ناروے کی ٹیم نے بھی پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا، تاہم اس کا سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا۔ یہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ناروے کا پہلا کوارٹر فائنل تھا، جسے ٹیم کی اب تک کی بہترین کارکردگی قرار دیا جا رہا ہے۔
میچ شروع ہونے سے قبل جنوبی افریقا کے 25 سالہ مڈفیلڈر جیڈن ایڈمز کے انتقال پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ اسپین اور فرانس پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ انگلینڈ کی فتح کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مزید دلچسپ ہوگئی ہے۔