بلوچستان اور پاکستان کا حال و مستقبل ایک ہے، اور ہمیشہ ایک رہے گا: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے عمائدین، سیاستدانوں اور معاشرتی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن اور استحکام بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے نتیجے میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جبکہ صوبے کے انسانی اور قدرتی وسائل کو خوشحالی میں تبدیل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے نوجوانوں کو معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان دشمن عناصر کے غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے، ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے عزائم کو قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل و فیصلہ کن ردعمل سے ناکام بنایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے عمائدین اور معاشرتی رہنماؤں کے امن اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کے پراپیگنڈے کا جامع اور بلاجھجک مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے کے ساتھ بلوچستان کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور عوام کی امنگوں کو اجاگر کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔

ملاقات میں بلوچستان کے عمائدین نے امن، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ شرکا نے ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ مل کر غیر ملکی سرپرستی میں لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شرکا نے عوام پر مرکوز ترقی کے ذریعے پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر شرکا کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے خلاف دشمن قوتوں کا بیانیہ بالآخر ان کے اپنے پراپیگنڈے اور جھوٹ میں دفن ہو جائے گا۔

Related posts