دفاعی تیاریوں کے عمل میں کسی صورت تعطل نہیں آئے گا: ایران

ایران نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی تیاریوں کے عمل میں کسی صورت تعطل نہیں آئے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق قائم مقام وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ مسلح افواج ایک مضبوط ایران کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔

بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا کا کہنا تھا کہ موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ملک کی دفاعی تیاریوں میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے، اس لیے دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

قائم مقام وزیر دفاع نے نوجوانوں اور ماہرین کو ایران کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شدید پابندیوں کے باوجود ایرانی ماہرین اور نوجوانوں نے اہم ٹیکنالوجیز تیار کیں اور اپنی فنی مہارت کو دفاعی صلاحیتوں میں تبدیل کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دستیاب تمام صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لاتی رہیں گی۔

ایرانی وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اپنی دفاعی اور عسکری صلاحیتوں میں مزید اضافے پر مسلسل زور دے رہا ہے۔

Related posts