ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ: قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں 0-19 سے بدترین شکست

چین کے شہر موکی میں جاری ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-19 سے بدترین شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

دفاعی چیمپئن بھارت نے میچ کے آغاز سے ہی پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا اور ساتویں منٹ میں بھارتی کھلاڑی پوجا ساہو نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ صرف دو منٹ بعد روشنی ایند نامی بھارتی کھلاڑی نے دوسرا گول کردیا۔

اس کے بعد تنوشری دنیش کادو، سکھویر کور اور سانیکا چندرکانت مانے نے مزید گول کیے۔ مانے نے 23ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا، جبکہ تنوجا ٹوپو، پوجا ملک اور پورنیما یادو نے بھی گیند کو جال میں پہنچایا۔

بھارت نے پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان کے خلاف 0-10 کی واضح برتری حاصل کرلی تھی۔

دوسرے ہاف میں بھی بھارتی ٹیم کے گول کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ پوجا ملک نے 49ویں اور 51ویں منٹ میں مزید دو گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ سپریا نے بھی دو مرتبہ گول کیا، جبکہ کرشنا شرما، بنما دھان اور روشنی نے بھی اسکور میں اضافہ کیا۔

روشنی نے میچ کے آخری منٹ میں اپنا ایک اور گول کرکے بھارت کی برتری 0-19 کی اور پاکستان کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس کامیابی کے بعد بھارتی ویمنز جونیئر ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان کوارٹر فائنل کے فاتح سے ہوگا۔

بھارت نے سیمی فائنل سے قبل اپنے گروپ میں جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کو شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ بھارت نے 2023 اور 2024 میں بھی یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اب وہ مسلسل تیسری بار ویمنز جونیئر ایشیا کپ جیتنے سے صرف دو فتوحات دور ہے۔

Related posts