چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز سیزن 3 کا شیڈول جاری کردیا گیا، پاکستان چیمپئنز اور بھارت چیمپئنز کے درمیان بڑا مقابلہ 10 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا تیسرا ایڈیشن 3 سے 18 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان چیمپئنز کی ٹیم بھی ایکشن میں نظر آئے گی۔
شیڈول کے مطابق پاکستان چیمپئنز اپنی مہم کا آغاز افتتاحی روز بنگلادیش کے خلاف میچ سے کرے گی۔
پاکستانی ٹیم 5 اکتوبر کو آسٹریلیا، 6 اکتوبر کو ویسٹ انڈیز، 10 اکتوبر کو بھارت، 12 اکتوبر کو جنوبی افریقا جبکہ 14 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
پاکستان چیمپئنز کے اونر کامل خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے تیسرے ایڈیشن کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
کامل خان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بھی گرین سگنل مل چکا ہے، جبکہ شاہد آفریدی، کامران اکمل، سہیل تنویر، شرجیل خان، آصف علی اور دیگر کھلاڑی پاکستان چیمپئنز کے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان اور بھارت چیمپئنز کے درمیان 10 اکتوبر کو دبئی میں ہونے والا مقابلہ ایونٹ کے اہم میچز میں شامل ہوگا۔