پروفیسر عارف ساقی تشدد کیس: ملزم کونین شاہ نے معافی مانگ لی
جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر عارف ساقی پر تشدد کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے، ملزم کونین شاہ نے گزشتہ شب پروفیسر عارف ساقی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی اور معافی مانگ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ملزم کونین شاہ نے پروفیسر عارف ساقی سے اپنے کیے پر معذرت کی، جس پر پروفیسر عارف ساقی نے بھی معافی مانگنے پر ملزم کونین شاہ کو معاف کردیا۔
ملاقات کے بعد پروفیسر عارف ساقی اور ملزم کونین شاہ کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے شعبہ اسلامک لرننگ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عارف ساقی کو 8 ستمبر کو صفورا چورنگی کے قریب مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد پروفیسر عارف ساقی کی مدعیت میں سچل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
کیس میں کونین شاہ کو نامزد کیا گیا تھا، جبکہ ملزم نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی تھی۔
بعد ازاں ان کے خلاف دھمکیوں سے متعلق ایک الگ مقدمہ بھی درج ہوا، جس میں عدالت نے اسے پولیس کے جسمانی ریمانڈ پر دیا تھا۔
خیال رہے کہ واقعے کے ابتدائی مرحلے میں ملزم کے والد نے بھی پروفیسر عارف ساقی سے ملاقات کرکے صلح کی کوشش کی تھی، تاہم اس وقت پروفیسر عارف ساقی نے صلح سے انکار کرتے ہوئے ملزم سے سرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اب ملزم کونین شاہ کی جانب سے پروفیسر عارف ساقی سے ملاقات کرکے معافی مانگنے کے بعد دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔