پاکستانی کرکٹر ابرار احمد پہلی بار ٹی 20 کے نمبر ون بولر بن گئے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کی تازہ عالمی رینکنگ جاری کردی، جس میں پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے پہلی بار ٹی 20 بولرز کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی جب کہ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق ابرار احمد نے افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی 20 بولرز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے، جو گزشتہ چھ ماہ سے ٹاپ پوزیشن پر موجود تھے۔
ابرار احمد ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ سلمان مرزا ایک درجہ تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ بھارت کے ایشان کشن پہلی اور ابھیشک شرما دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے ہیری بروک پانچ درجے بہتری کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ جوز بٹلر 2 درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
جوز بٹلر نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں 172 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان کے علاوہ کوئی پاکستانی بیٹر ٹی 20 کی ٹاپ 20 رینکنگ میں شامل نہیں ہے۔
ٹی 20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ زمبابوے کے سکندر رضا پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ انگلینڈ کے ول جیکس 3 درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز آل راؤنڈرز کی فہرست میں 11ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے 47 درجے کی نمایاں ترقی کی اور کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔ انگلینڈ کے لیام ڈاسن 12 درجے بہتری کے بعد 11ویں جب کہ بھارت کے اکشر پٹیل بھی 12 درجے ترقی کرکے 15ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑی نمایاں
آئی سی سی ون ڈے بولرز کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کے ابرار احمد دوسری پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی ساتویں نمبر پر برقرار ہیں۔
اس کے علاوہ افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ایک درجہ بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم چھٹی پوزیشن پر برقرار ہیں جب کہ بھارت کے شبمن گل پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر ایک درجے بہتری کے بعد نویں اور انگلینڈ کے ہیری بروک تین درجے ترقی کے بعد 12ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جب کہ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجہ بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے سلمان علی آغا اس فہرست میں 13ویں نمبر پر موجود ہیں۔
اس طرح تازہ آئی سی سی رینکنگ میں ابرار احمد نے ٹی 20 بولنگ میں پہلی اور ون ڈے بولنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے نمایاں مقام بنایا ہے جب کہ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 بیٹنگ میں تیسرے اور صائم ایوب آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔