بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری شہید
بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے 2 نہتے پاکستانی شہری شہید جب کہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق جمعے کے روز بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک بھارت بین الاقوامی سرحد (قصور) کے قریب 3 پاکستانی شہریوں پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 3 مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے ہی بڑھے تو بی ایس ایف فورسز نے انہیں بغیر وارننگ ٹارگٹ کیا، بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا جب کہ تینوں شہری نہتے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شہریوں میں عظمت رسول ولد عطا اللہ اور محسن جٹ کا تعلق جٹاں والی حویلی لدھڑ سے ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھی فالس فلیگ آپریشن کی روش کو زندہ رکھتے ہوئے معصوم شہریوں کو در انداز قرار دے دیا جب کہ تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ کا واقعہ بارڈر معائدہ اور ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔