ایشین گیمز پاک بھارت مقابلہ: محسن نقوی شریک کیوں نہیں ہوں گے؟
جاپان کے شہر نِشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں ایشین گیمز 2026ء کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان گولڈ میڈل کے لیے ہونے والے بڑے معرکے میں ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ محسن نقوی شرکت نہیں کریں گے۔
جب سے ناک آؤٹ مرحلے کے ڈرا کا اعلان ہوا تھا، اس وقت سے بھارتی اور پاکستانی کرکٹ شائقین کے درمیان اس بات پر تجسس پایا جاتا تھا کہ کیا محسن نقوی اس فائنل میچ کے لیے میدان میں موجود ہوں گے یا نہیں۔
تاہم، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اب ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محسن نقوی اپنی دیگر اہم اور پہلے سے طے شدہ مصروفیت کے باعث فائنل کے موقع پر موجود نہیں ہوں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی اور لکھا کہ ”اے سی سی کے صدر جناب محسن نقوی پہلے سے طے شدہ مصروفیت کے باعث ایشین گیمز 2026ء کے فائنل ڈے میں شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم وہ گولڈ اور برونز میڈل کے میچز سے قبل تمام چاروں ٹیموں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔“
اسی پیغام میں محسن نقوی کا اقتباس شامل کرتے ہوئے کہا گیا کہ ”میں ایشین گیمز 2026ء میں گولڈ اور برونز میڈل کے میچز سے پہلے تمام شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، بعض ضروری مصروفیات مجھے ناگویا سے دور رکھیں گی لیکن مجھے ایک سنسنی خیز اور بہترین مقابلے کا انتظار رہے گا۔“
محسن نقوی، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے وفاقی وزیرِ داخلہ کے عہدے پر بھی فائز ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ متعدد تنازعات کی وجہ سے ہر پاک بھارت میچ کی اہم شخصیت بنے ہوئے ہیں۔
گزشتہ سال پاک بھارت جنگ کے بعد بھارتی مرد اور خواتین کرکٹ ٹیموں نے احتجاجاً ایشیا کپ کی ٹرافی محسن نقوی کے ہاتھوں سے وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد مذکورہ ٹرافیز اے سی سی کے آفس پہنچا دی گئیں۔
بھارتی بورڈ کی ضد ہے کہ ان کی ٹیمیں پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ کے ہاتھوں ٹرافی نہیں لیں گی، جبکہ دوسری جانب محسن نقوی اس بات پر قائم ہیں کہ اگر بھارت کو ایشیا کپ کی ٹرافیاں چاہیے ہیں تو انہیں یہ ٹرافیاں ان کے ہاتھوں سے ہی وصول کرنا ہوں گی۔
اسی ہٹ دھرمی کے باعث 2025ء کے مردوں کے ایشیا کپ اور رواں سال کے خواتین ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیمیں محسن نقوی سے ٹرافی لیے بغیر ہی چلی گئی تھیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل سے درخواست کی تھی کہ چیئرمین کو مشورہ دیا جائے کہ وہ اپنے نائب کو ٹرافی پیش کرنے کا اعزاز دیں، مگر اس معاملے پر کوئی اتفاق نہ ہو سکا۔
اس پس منظر میں ایشیائی گیمز کے باضابطہ تمغے دینے کی تقریب میں محسن نقوی کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا، تاہم اب محسن نقوی کی عدم موجودگی کے باعث اولمپک کونسل آف ایشیا، مقامی منتظمین اور بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن ایک متوقع بدمزگی اور کشیدہ صورتحال سے بچ جائیں گی۔