پاک بھارت فائنل بارش سے متاثر ہوا تو گولڈ میڈل کس ٹیم کو دیا جائے گا؟
جاپان کے شہر نشین میں بارش کی پیش گوئی کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشین گیمز کا فائنل خطرے سے دو چار ہوسکتا ہے، ہفتے کی صبح بارش کے زیادہ امکانات کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جاپان کے شہر نشین میں ہفتے کو بارش کی پیش گوئی کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشین گیمز کے فائنل میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے ایکیو ویدر کے مطابق ہفتے کی صبح بارش کا امکان 62 فیصد ہے، جو دوپہر کے وقت کم ہو کر 25 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
اگر بارش کے باعث فائنل میچ کا نتیجہ نہ نکل سکا تو اس حوالے سے 2026 کے ایشین گیمز کے قواعد 2023 کے ایڈیشن سے مختلف ہوں گے۔
2023 میں چین کے شہر ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھارتی مینز کرکٹ ٹیم اور افغانستان کے درمیان فائنل بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ اس وقت بھارت کو بہتر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر فاتح قرار دیتے ہوئے گولڈ میڈل دیا گیا تھا۔
تاہم جاپان کے شہر نشین میں ہونے والے موجودہ ایڈیشن میں ایسا نہیں ہوگا۔
موجودہ قواعد کے مطابق اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل بغیر کسی نتیجے کے ختم یا منسوخ ہوگیا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر گولڈ میڈل دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔