’ہانیہ عامر حد سے زیادہ بے قابو ہو چکی ہیں‘، ماڈل جیا علی کی تنقید
پاکستان کی معروف سینئر ماڈل اور اداکارہ جیا علی نے حال ہی میں مقبول ترین اداکارہ ہانیہ عامر کے حوالے سے کچھ متنازع باتیں کہی ہیں۔
ایک نجی شو میں شو میں شرکت کے دوران میزبان نے جیا علی کے سامنے ہانیہ عامر اور درفشاں سلیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا آپشن رکھا۔ جیا علی نے درفشاں کے مقابلے میں ہانیہ عامر کا نام تو لیا لیکن اس کے ساتھ ہی ہانیہ کے رویے سے متعلق اپنی رائے بھی بیان کردی۔
جیا علی کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر بہت اچھی اداکارہ ہیں لیکن وہ آؤٹ آف کنٹرول ہوتی جارہی ہیں اور انہیں اپنے رویے پر قابو پانے کے لیے کچھ حدود مقرر کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہانیہ آج دنیا بھر میں پاکستان کا چہرہ بن چکی ہیں اور پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں، اس لیے انہیں اپنے طور طریقوں اور برتاؤ میں مزید احتیاط برتنی چاہیے۔
واضح رہے کہ جیا علی نے بطور ماڈل شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد میں اداکاری کے شعبے میں بھی کام کیا۔ وہ ان دنوں اداکاری کے بجائے یوگا انسٹرکٹر کے طور پر زیادہ سرگرم ہیں اور مختلف شوز اور پوڈکاسٹس میں بھی نظر آتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیا علی نے موجودہ ڈراموں میں ملنے والے اسکرپٹس سے عدم اطمینان کے باعث کچھ عرصے سے اداکاری سے وقفہ لیا ہوا ہے۔