رجب بٹ اپنی پہلی فلم کی ٹکٹ کے لیے پیسے بچانے کی اپیل پر ٹرولنگ کا شکار
معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ اپنی پہلی ایکشن کامیڈی فلم کے ذریعے بڑے پردے پر قدم رکھنے جا رہے ہیں، تاہم فلم کی ریلیز سے قبل ہی مداحوں سے کی گئی ایک درخواست پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید اور طنزیہ تبصروں کا سامنا ہے۔
رجب بٹ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے مداحوں سے فلم دیکھنے اور اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جس طرح مداحوں نے یوٹیوب پر ان کی ویڈیوز کو بھرپور پذیرائی دی، اسی طرح سینما گھروں میں بھی ان کی فلم کو اچھا ردعمل ملے۔
انہوں نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی ریلیز تک ایک یا دو ہزار روپے بچا کر رکھیں تاکہ ٹکٹ اور پاپ کارن کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔ رجب بٹ نے فلم کو فیملی انٹرٹینر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کو سینما میں دیکھنا چاہتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ فلم دیکھنے کے بعد ناظرین مایوس نہیں ہوں گے۔
رجب بٹ کی اس اپیل پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید اور ٹرولنگ کی گئی ہے۔ بعض صارفین نے کہا کہ وہ فلم دیکھنے سینما نہیں جائیں گے، جبکہ کچھ نے رجب بٹ کے وی لاگز اور ان کے سابقہ تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے بھی اعتراضات کیے۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ اپنے دوستوں کو بھی فلم دیکھنے سے روکیں گے۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ اگر لوگ ان کے وی لاگز دیکھنا پسند نہیں کرتے تو سینما میں پوری فلم کون دیکھے گا۔
کچھ صارفین نے رجب بٹ کی فلمی صلاحیتوں پر بھی سوال اٹھائے اور فلم کے مستقبل کے حوالے سے منفی رائے کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ رجب بٹ اپنی پہلی فلم میں اداکارہ امر خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ ایکشن کامیڈی طرز کی اس فلم کی ہدایتکاری سید فیصل بخاری کر رہے ہیں، جبکہ اس کی کہانی سرمد ابراہیم نے لکھی ہے۔ فلم کی شوٹنگ ان دنوں پنجاب میں جاری ہے۔
رجب بٹ گزشتہ کئی برسوں سے فیملی وی لاگنگ کے باعث سوشل میڈیا پر مقبول ہیں اور یوٹیوب و انسٹاگرام پر ان کی بڑی تعداد میں فالوونگ ہے۔ اب ان کی توجہ بڑے پردے پر اپنی جگہ بنانے کی جانب ہے، جس کے لیے فلم کی ریلیز کا انتظار کیا جا رہا ہے۔