پہلا ٹی 20: سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں، جہاں پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں جب کہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشال مینڈس کے پاس ہے۔
سیریز کے افتتاحی مقابلے میں سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے، اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے، پہلے بولنگ کرنے سے کنڈیشنز کا آئیڈیا ہوجائے گا، بطور کپتان کھلاڑیوں کے حوالے سے پراعتماد ہوں ، کپتان ہوں یا عام کھلاڑی،کرکٹ کوانجوائے کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے رضا اللہ اور عمران رندھاوا ٹی 20 میں ڈیبیو کررہے ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستانی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، شاداب خان، خواجہ نافع، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
سری لنکا کا اسکواڈ
سری لنکن اسکواڈ میں کوشال مینڈس (کپتان)، لاہیرو اودارا، کامل مشارا، کمیندو مینڈس، سہان آراچیگے، داسن شناکا، دونتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشنا، دشمنتھا چمیرا، نووان تھشارا اور ایشان ملنگا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 31 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 18 اور سری لنکا نے 13 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
دونوں ٹیموں کا آخری مقابلہ رواں سال آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ہوا تھا، جس میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دی تھی تاہم پاکستان میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری دوطرفہ ٹی 20 سیریز 2019 میں کھیلی گئی تھی، جس میں سری لنکا نے پاکستان کو 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔
حالیہ فارم کی بات کی جائے تو پاکستان نے اپنے آخری 5 ٹی 20 میچز میں 3 کامیابیاں حاصل کی ہیں جب کہ سری لنکا اس عرصے میں صرف ایک میچ جیت سکا ہے۔
پاکستانی ٹیم حال ہی میں ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیت کر اس سیریز میں شریک ہوئی ہے، جہاں اسے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دوسری جانب سری لنکا نے بنگلہ دیش کو تیسری پوزیشن کے میچ میں شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔