پاکستان ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی سے باہر، کس ٹیم کو شامل کرلیا گیا؟
بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جگہ بنگلادیش کو شامل کرلیا گیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن کی دعوت پر بنگلادیش نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 میں پاکستان کی جگہ بنگلادیش نے لے لی ہے جب کہ ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت کے شہروں جالندھر اور موہالی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے بنگلادیش کو شرکت کی دعوت دی تھی، جسے بنگلادیش نے قبول کرلیا۔
ٹورنامنٹ میں اب ملائیشیا، چین، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا اور بنگلادیش کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ منتظمین نے عمان کو بھی متبادل ٹیم کے طور پر رکھا تھا جب کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے اپ ڈیٹ ڈراز کا اعلان کل متوقع ہے۔
پی ایچ ایف نے اس سے قبل سیکیورٹی خدشات اور پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث اعلان کیا تھا کہ قومی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے پاکستان کے میچز کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست بھی کی تھی تاکہ قومی ٹیم محفوظ ماحول میں ٹورنامنٹ میں شرکت کرسکے۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کے مطابق فیصلہ پاکستانی کھلاڑیوں اور حکام کی سلامتی، وقار اور فلاح کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔
محی الدین احمد وانی نے کہا تھا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے تمام رکن ممالک، بشمول بھارت، کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
پی ایچ ایف صدر نے اے ایچ ایف سے پاکستان کی غیر جانب دار مقام پر میچز کرانے کی درخواست پر مثبت غور کی امید بھی ظاہر کی تھی۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے میچز 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں شیڈول ہیں۔ پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا ابتدائی طور پر ٹورنامنٹ میں شامل ٹیموں میں شامل تھے۔