شعیب ملک سے شادی کی خبریں، اداکارہ ونیزہ ستار کا بیان آگیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی نجی زندگی اکثر خبروں کی زینت بنی رہتی ہے، تاہم ان دنوں سوشل میڈیا پر ان کی ایک اور ممکنہ شادی کی افواہوں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ ان افواہوں میں معروف اداکارہ ونیزہ ستار کا نام شعیب ملک کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، جس پر اب خود اداکارہ نے میدان میں آ کر خاموشی توڑ دی ہے اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی ایسی خبروں سے نہ صرف ان کی اپنی زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور قریبی لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ونیـزہ ستار نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک وائرل ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے ان خبروں پر ردعمل دیا۔ اداکارہ نے لکھا، ’’اوہ میرے خدا! پھر سے نہیں!‘‘

انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ صرف چند ویوز اور سستی شہرت حاصل کرنے کی خاطر مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی کے بارے میں بلا تحقیق من گھڑت باتیں بنانا شروع کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بات کرنے کے لیے بے شمار اہم موضوعات موجود ہیں، لیکن افسوس کہ کچھ لوگ دوسروں کی زندگیوں سے کھیل کر چند کلکس حاصل کرنے کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ونیزہ ستار کو شعیب ملک کے ساتھ اپنے نام سے متعلق ان افواہوں پر وضاحت دینے کی ضرورت پڑی ہو۔ اس سے قبل بھی وہ مختلف ڈیجیٹل اور ٹی وی پروگراموں میں واشگاف الفاظ میں یہ کہہ چکی ہیں کہ ان کی آج تک شعیب ملک سے بالمشافہ کوئی ملاقات ہی نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی شدید تعجب کا اظہار کیا تھا کہ بغیر کسی ثبوت یا ملاقات کے اس طرح کا شوشہ آخر کیسے چھوڑا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شروع میں تو انہوں نے ان افواہوں کو ایک ہلکے پھلکے مذاق کے طور پر لیا اور نظر انداز کر دیا، لیکن بات اس وقت سنگین اور پریشان کن شکل اختیار کر گئی جب ان کے قریبی دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں نے ان کے گھر والوں کو فون کر کے ان خبروں کی سچائی کے بارے میں پوچھنا شروع کر دیا۔

اس تمام صورحال کے بعد اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین اور مواد بنانے والوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے کسی کی بھی نجی زندگی سے متعلق شوشے چھوڑنے سے گریز کریں، کیونکہ اس طرح کی جھوٹی خبریں نہ صرف متعلقہ شخص کے لیے بلکہ اس کے پورے خاندان کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بنتی ہیں۔

Related posts