عمران ہاشمی فلم کی شوٹنگ کے دوران بڑے حادثے کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئے
بولی ووڈ اداکار عمران ہاشمی اپنی نئی آنے والی ایکشن فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئے ہیں۔
فلم کے کلائمیکس کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک اسٹنٹ کیا جا رہا تھا جس میں کرین کے ساتھ لٹکی ہوئی ایک کار اچانک ہوا میں الٹ گئی اور نیچے کھڑی ایک کالی رنگ کی وین پر جا گری۔
ویڈیو میں گاڑی کو اداکار عمران ہاشمی کے انتہائی قریب سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ موقع پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اس خوفناک واقعے کے بعد تاحال کسی بھی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ فلم سازوں کی طرف سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا کہ آیا یہ حادثہ پہلے سے طے شدہ کسی پلان کا حصہ تھا یا پھر شوٹنگ کے دوران کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔
فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ میں عمران ہاشمی کے ساتھ جینیلیا ڈی سوزا، اپرشاکتی کھرانہ اور ابھشیک سنگھ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کے پروڈیوسر دیپک مکٹ، ہنر مکٹ اور سنگیتا آہیر ہیں جبکہ ہدایت کاری کے فرائض آدتیہ دت نے انجام دیے ہیں۔
یہ ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلم رواں سال 27 نومبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
کام کے حوالے سے بات کی جائے تو عمران ہاشمی کو آخری بار ’آوارہ پن 2‘ میں دیکھا گیا تھا جو باکس آفس پر سال کی بڑی ہٹ فلموں میں شامل ہوئی تھی۔