معمر رانا نے جذباتی پیغام کے ساتھ طلاق کی تصدیق کردی

پاکستانی فلموں کے سینئراداکار معمر رانا نے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے ایک جذباتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ اور بچے اب ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ اداکار کے مطابق، وہ طلاق سے متعلق عدالتی دستاویزات پر دستخط کر چکے ہیں، تاہم وہ اب بھی دعا کرتے ہیں کہ ان کا رشتہ ختم نہ ہو۔

اداکار ان دنوں اپنی زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں، جہاں ایک طرف وہ کیریئر کی مشکلات اور دیگر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں تو دوسری طرف ان کا خاندانی شیرازہ بھی بکھرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بات کرتے ہوئے معمر رانا نے انتہائی دل برداشتہ انداز میں بتایا کہ اس کٹھن وقت میں ان کے بھائی تو ان کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن ان کی بیوی اور بچے اب ان کے ساتھ نہیں رہے۔

اداکار نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ آج بھی اپنی اہلیہ اور بچوں سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اگرچہ انہوں نے طلاق سے متعلق قانونی دستاویزات پر دستخط کر دیے ہیں لیکن ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ ان کا ازدواجی رشتہ ٹوٹنے سے بچ جائے۔

معمر رانا کا شمار پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بڑی تعداد میں فلموں میں کام کیا اور کئی برس تک فلمی دنیا میں نمایاں رہے۔ وہ فلموں کے علاوہ پنجابی تھیٹر میں بھی کام کر چکے ہیں۔

اداکار نے 1998 میں مہناز پرویز سے شادی کی تھی۔ دونوں کی شادی کو تقریباً تین دہائیاں گزر چکی ہیں اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

Related posts