سہ ملکی ون ڈے سیریز: عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ، پاکستان نے انگلینڈ کو ہرادیا
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آل راونڈر عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو باآسانی 87 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے تاہم 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 39 ویں اوورر میں 215 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی بیٹنگ
کھیل کے آغاز میں ہی پاکستان کے ابتدائی بیٹرز ناکام ہوگئے، کھیل کی پہلی ہی گیند پر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر 31 کے مجموعی اسکور پر سونی بیکر کا شکار بنے۔
پاکستان ٹیم کو تیسرا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعی اسکور 59 تھا ایسے میں بابراعظم 34 رنز بنا کر ول جیک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی چوتھی وکٹ 81 رنز پر گری، سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر حسن نواز اور سعد بیگ نے اننگز کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ سعد بیگ 54 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر گس ایٹکنسن کی دوسری وکٹ بنے۔
پاکستان نے 27.3 اوورز میں 133 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دی تھیں، آدھی ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد حسن نواز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری ون ڈے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 74 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ عرفات منہاس نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 211 رنز تک پہنچادیا، جس کے بعد حسن نواز جیمی اوورٹن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد فہیم اشرف نے عرفات منہاس کے ساتھ مل کر اپنی تابڑ توڑ بلے بازی کی بدولت ساتویں وکٹ کے لیے مزید 72 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 283 رنز پہچایا۔ جس کے بعد عرفات منہاس 58 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔
فہیم اشرف نے آخری اوورز میں مزید تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا تاہم 285 کے اسکور پر وہ بھی سیم کرن کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کریز پر آتے ہی مسلسل 2 چوکے لگائے اور 49 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 294 رنز تک پہنچایا تاہم آخری اوور میں سونی بیکر نے نسیم شاہ کو ایک رن پر آؤٹ کرکے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے آخری اوور میں 8 رنز دیے۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی 5 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ حارث رؤف نے 2 گیندوں پر 4 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دیا۔
اس طرح پاکستان نے اختتامی اوورز میں تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں اسکور 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز تک پہنچایا اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 303 رنز کا ہدف دے دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 اور گس اٹکنسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے 91 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم حارث رؤف نے خطرناک نظر آنے والے بین ڈکٹ کو 45 رنز پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔
اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس کو متعارف کروایا، جنہوں نے اپنی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے لیے جیت کو خواب بنادیا۔
عرفات منہاس نے 8.4 اوورز میں 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اننگز کے دوران انہوں نے ایک رن آؤٹ بھی کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ٹام بیٹنگ نے 57 بنائے جبکہ بین ڈکٹ نے 45، جو روٹ نے 33، سیم کرن نے 27، ول جیکس نے 19 اور جارڈن کوکس نے 18 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ان کے علاوہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
میچ کا ٹاس
سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں میچ کا ٹاس انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ یہ ایک مختلف سیریز اور مختلف چیلنج ہے، پاکستان کو کم اسکور پر محدود کرنے کی کوشش کریں گے، عادل رشید کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ پہلے میچ میں بیٹنگ کی تھی اور اب بھی بڑا ٹوٹل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم نے اچھی بولنگ کی جب کہ تجربہ کار کھلاڑی درست وقت پر بہترین فارم میں آ رہے ہیں۔
شاہین آفریدی کے مطابق سلمان علی آغا نے گزشتہ میچ میں شاندار اننگز کھیلی، جس سے ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان کی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔
انگلینڈ کا اسکواڈ
انگلینڈ کی ٹیم میں ہیری بروک (کپتان)، ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، جو روٹ، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، گس ایٹکنسن، عادل رشید اور سونی بیکر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پوائنٹس ٹیبل پراس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے، 18 اکتوبر کو سیریز کے افتتاحی میچ پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا جب کہ انگلینڈ آج ٹورنامنٹ میں اپنی مہم شروع کر رہا ہے۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں مدمقابل ہیں۔22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا تیسرا میچ انگلینڈ اورسری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ باقی میچ لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ لاہور میں ہو گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا جب کہ تینوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 2، 2 میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 2 ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 92 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں انگلینڈ نے 57 اور پاکستان نے 32 میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ 3 میچز بے نتیجہ رہے، گزشتہ 5 ون ڈے میچوں میں انگلینڈ نے 4 جب کہ پاکستان نے ایک میچ جیتا ہے۔ آج کے مقابلے میں پاکستان ہوم گراؤنڈ پر اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے جب کہ انگلینڈ فاتحانہ آغاز کرنے کی کوشش کرے گا۔
آج کا مقابلہ دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ہوم گراؤنڈ راولپنڈی پر 21 سال کے طویل عرصے بعد ون ڈے فارمیٹ میں مدمقابل آئی ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے میچ 21 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم وہ 5 میچوں کی سیریز پاکستان نے 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔
علاوہ ازیں، انگلینڈ کی ٹیم نے 2025 میں پاکستان میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی 3 ون ڈے میچز کھیلے تھے، جن میں اسے تمام مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
موجودہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ انگلش ٹیم حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز 1-2 سے جیت کر پاکستان پہنچی ہے، تاہم انہوں نے پاکستانی سرزمین پر آخری بار ون ڈے سیریز 1987-88 میں جیتی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی گزشتہ 3 ون ڈے سیریز میں ناقابلِ شکست رہی ہے جب کہ راولپنڈی کے اس میدان پر کھیلے گئے گزشتہ 10 ون ڈے میچوں میں سے پاکستان کو صرف ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔