سہ ملکی ون ڈے سیریز: پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 303 رنز کا ہدف

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 303 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔

پاکستان کی بیٹنگ

کھیل کے آغاز میں ہی پاکستان کے ابتدائی بیٹرز ناکام ہوگئے، کھیل کی پہلی ہی گیند پر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر 31 کے مجموعی اسکور پر سونی بیکر کا شکار بنے۔

پاکستان ٹیم کو تیسرا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعی اسکور 59 تھا ایسے میں بابراعظم 34 رنز بنا کر ول جیک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی چوتھی وکٹ 81 رنز پر گری، سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

میچ کا ٹاس

سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں میچ کا ٹاس انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ یہ ایک مختلف سیریز اور مختلف چیلنج ہے، پاکستان کو کم اسکور پر محدود کرنے کی کوشش کریں گے، عادل رشید کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ پہلے میچ میں بیٹنگ کی تھی اور اب بھی بڑا ٹوٹل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم نے اچھی بولنگ کی جب کہ تجربہ کار کھلاڑی درست وقت پر بہترین فارم میں آ رہے ہیں۔

شاہین آفریدی کے مطابق سلمان علی آغا نے گزشتہ میچ میں شاندار اننگز کھیلی، جس سے ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلینڈ کی ٹیم میں ہیری بروک (کپتان)، ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، جو روٹ، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، گس ایٹکنسن، عادل رشید اور سونی بیکر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پوائنٹس ٹیبل پراس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے، 18 اکتوبر کو سیریز کے افتتاحی میچ پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا جب کہ انگلینڈ آج ٹورنامنٹ میں اپنی مہم شروع کر رہا ہے۔

سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں مدمقابل ہیں۔22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا تیسرا میچ انگلینڈ اورسری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ باقی میچ لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ لاہور میں ہو گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا جب کہ تینوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 2، 2 میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 2 ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 92 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں انگلینڈ نے 57 اور پاکستان نے 32 میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ 3 میچز بے نتیجہ رہے، گزشتہ 5 ون ڈے میچوں میں انگلینڈ نے 4 جب کہ پاکستان نے ایک میچ جیتا ہے۔ آج کے مقابلے میں پاکستان ہوم گراؤنڈ پر اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے جب کہ انگلینڈ فاتحانہ آغاز کرنے کی کوشش کرے گا۔

آج کا مقابلہ دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ہوم گراؤنڈ راولپنڈی پر 21 سال کے طویل عرصے بعد ون ڈے فارمیٹ میں مدمقابل آئی ہیں۔

اس سے قبل پاکستانی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے میچ 21 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم وہ 5 میچوں کی سیریز پاکستان نے 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔

علاوہ ازیں، انگلینڈ کی ٹیم نے 2025 میں پاکستان میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی 3 ون ڈے میچز کھیلے تھے، جن میں اسے تمام مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

موجودہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ انگلش ٹیم حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز 1-2 سے جیت کر پاکستان پہنچی ہے، تاہم انہوں نے پاکستانی سرزمین پر آخری بار ون ڈے سیریز 1987-88 میں جیتی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی گزشتہ 3 ون ڈے سیریز میں ناقابلِ شکست رہی ہے جب کہ راولپنڈی کے اس میدان پر کھیلے گئے گزشتہ 10 ون ڈے میچوں میں سے پاکستان کو صرف ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Related posts