سہ ملکی سیریز: انگلش کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری، سری لنکا کو 430 رنز کا ہدف
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری کی بدولت سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے۔
جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔
میچ کا ٹاس
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں ہدف کے تعاقب میں ناکامی کے باوجود اوس کے باعث پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، سچندو کولومباگے کی جگہ دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر انگلش کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں ہوئی ہیں، سونی بیکر اور عادل رشید کی جگہ لیام ڈوسن اور جوش ٹنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے لیے اہمیت کا حامل ہے، میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بہتر کارکردگی دکھانے اور سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
میچ سے قبل انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز کیے، اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی اور میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔
یاد رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اپنے پہلے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان ٹیم پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر اب تک ناقابل شکست ہے۔