راولپنڈی: سری لنکا نے ون ڈے کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف حاصل کرلیا، انگلینڈ کو شکست
سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرکے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تاریخ رقم کردی ہے جب کہ انگلش کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری بھی رائیگاں گئی۔
جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے اور تاریخی میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے تاہم 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف سری لنکا نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پور حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ
انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو 74 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ٹام بینٹن نے 51 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر دونیتھ ویلالاگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد بین ڈکٹ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 85 کے اسکور پر وہ بھی محض 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کپتان ہیری بروک نے جو روٹ کے ساتھ مل کر سری لنکن بولرز پر لاٹھی چارج کیا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 244 کے اسکور پر جو روٹ اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر آٹ ہوگئے۔
جو روٹ نے 66 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے، اس دوران وہ ون ڈے کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے انگلش بلے باز بھی بن گئے۔
جو روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ہیری بروک نے ول جیکس کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے رنز کی رفتار بڑھائی، اس دوران انگلش کپتان نے تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنا ڈالی انہوں نے 114 گیندوں پر کارنامہ انجام دیا، بروک انگلینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بھی ہیں۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔
ول جیکس نے بھی اختتامی اوورز میں دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 30 گیندوں پر 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
انگلینڈ نے آخری اوورز میں رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی، آخری 10 اوورز میں ٹیم نے 156 رنز اسکور کیے، جس کی بدولت انگلینڈ نے پاکستانی سرزمین پر ون ڈے تاریخ کا سب سے بڑا اننگز ٹوٹل بھی بنایا، انگلش ٹیم کا اسکور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز تک پہنچ گیا، یہ پاکستان میں کسی بھی ٹیم کا ون ڈے کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ 375 رنز کا تھا، جوپاکستان نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔
سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگےنے 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ایشان ملنگا نے 10 اوورز میں 91 رنز دیے جب کہ دلشان مدوشنکا نے 89 رنز دیے تاہم دونوں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
سری لنکا کی بیٹنگ
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا، کامندو مینڈس 18 رنز بنا کر جوش ٹنگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ کپتان کوشل مینڈس بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے، اس وقت سری لنکا کا مجموعی اسکور صرف 24 رنز تھا اور انگلینڈ کی ٹیم میچ میں مضبوط پوزیشن پر دکھائی دے رہی تھی۔
ایسے میں اویشکا فرنینڈو اور پون رتنائیکے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 166 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ قائم ہوئی، جس نے سری لنکا کو جیت کی جانب گامزن کیا تاہم 190 کے مجموعی اسکور پر اوشکا فرنینڈو 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 97 رنز بنا کر جیمی اوورٹن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسری طرف پون رتنائیکے نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 106 گیندوں پر 130 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ وہ 323 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے تاہم ان کی اننگز نے سری لنکا کو فتح کے مزید قریب پہنچا دیا۔
اس کے بعد داسن شناکا نے بھی انگلش بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 50 گیندوں پر 97 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ شناکا اور پون رتنائیکے کی عمدہ بیٹنگ کے باعث سری لنکا ہدف کے قریب پہنچ گیا تاہم شناکا 363 کے مجموعی اسکور پر سیم کرن کی گیند پر ٹام بینٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کو آخری اوورز میں مزید وکٹوں کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ ساہن آراچیگے 13، دنیتھ ویلالاگے 8 اور ایشان ملنگا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر جینتھ لیاناگے نے ذمہ داری سنبھالی اور ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔
جینتھ لیاناگے نے صرف 27 گیندوں پر 61 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جب کہ اسیتھا فرنینڈو ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پرعبور کرلیا اور انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہیری بروک کی 202 رنز کی شاندار اننگز اور انگلینڈ کے 429 رنز بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ سری لنکا نے پون رتنائیکے، داسن شناکا اور جینتھ لیاناگے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 430 رنز کا ہدف حاصل کرکے سنسنی خیز کامیابی اپنے نام کرلی۔
یہ پاکستانی گراؤنڈ پر تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ہدف کا تعاقب ہے، اس سے پہلے جنوبی افریقا نے ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف 435 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ خیال رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ میں پہلی بار 400 رنز کا ہندسہ عبور ہوا ہے، اس سے قبل راولپنڈی میں پاکستان کا 337 رنز کا سب سےبڑا ٹوٹل بنایا گیا تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 8.5 اوورز میں 79 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، سیم کرن نے 9 اوورز میں 103 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے علاوہ گس ایٹکنسن اور ول جیکس کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
میچ کا ٹاس
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں، جہاں سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں ہدف کے تعاقب میں ناکامی کے باوجود اوس کے باعث پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، سچندو کولومباگے کی جگہ دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر انگلش کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں ہوئی ہیں، سونی بیکر اور عادل رشید کی جگہ لیام ڈوسن اور جوش ٹنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے لیے اہمیت کا حامل ہے، میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بہتر کارکردگی دکھانے اور سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
میچ سے قبل انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز کیے، اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی اور میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔
یاد رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اپنے پہلے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پوائنٹس ٹیبل پراس وقت پاکستان پہلے نمبر پر براجمان ہے، سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔