اس بار پی ایس ایل کو مزید شہروں تک لے جائیں گے: چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں لیگ کے 12ویں سیزن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی تک ہوگا، جبکہ کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری کو کی جائے گی۔

پی ایس ایل 12 کے لیے فرنچائزز کو ایک ایک مارکی کھلاڑی براہ راست سائن کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تاہم اس کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ متعلقہ کھلاڑی نے گزشتہ دو سیزنز میں پی ایس ایل نہ کھیلا ہو۔

گورننگ کونسل کے فیصلے کے مطابق براہ راست کھلاڑیوں کو سائن کرنے کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران تمام فرنچائزز اپنے اسکواڈز کو مضبوط بنانے کے لیے مارکی کھلاڑیوں کے انتخاب پر کام کرسکیں گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی ایس ایل کے میچز اس بار ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں کھیلے جائیں گے، جس کا مقصد لیگ کو مزید شہروں تک وسعت دینا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی حکام نے لیگ کے دائرہ کار کو بڑھانے اور شائقین کو اپنے شہروں میں میچز دیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پی ایس ایل کی تیاریوں کے سلسلے میں اگلے ہفتے کرکٹ ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ نیشنل ٹی 20 کپ کے گولڈ اور سلور مقابلے پی ایس ایل سے قبل منعقد ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے گزشتہ سیزن میں ریکارڈ تعداد میں شائقین کی آمد کا جو سلسلہ شروع ہوا، اسے برقرار رکھا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس بار پی ایس ایل کو مزید شہروں تک لے جائیں گے، تاکہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے ساتھ شائقین کو بھی زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ فرنچائزز کی جانب سے اسکواڈ تشکیل دینے کی دوڑ آج سے شروع ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ براہ راست کھلاڑیوں کی سائننگ اور آئندہ نیلامی کے مراحل فرنچائزز کے لیے اہم ہوں گے۔

پی ایس ایل 12 کے لیے کیے گئے ان فیصلوں کے تحت فرنچائزز کو اپنے اسکواڈز کی تیاری کے لیے ابتدائی موقع ملے گا، جبکہ 23 جنوری کو ہونے والی نیلامی کے بعد ٹیموں کی تشکیل کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

Related posts