کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر اور ڈمپر جلنے کے واقعے کے بعد شہر میں ٹینکر سروس متاثر ہوگئی اور ڈرائیوروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے باعث کئی واٹرٹینکر مالکان نے اپنے ٹینکر کھڑے کردیے۔
نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر اور ڈمپر کو جلائے جانے کے واقعے نے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو متاثر کر دیا، واقعے کے بعد واٹر ٹینکر ڈرائیورز اور مالکان میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جس کے باعث متعدد ٹینکر سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق واقعے کے بعد کارپوریشن کے ماتحت چلنے والے ٹینکرز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی معمولی طور پر متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے، اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں پانی کی فراہمی مزید دشوار ہو سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر واٹر ٹینکرز کو نشانہ بنانا بند نہ کیا گیا تو شہریوں کو پانی کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینکرز کو سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ سروس بحال ہو سکے۔
کئی واٹر ٹینکر مالکان نے اپنے ٹینکرز عارضی طور پر سروس سے ہٹا دیے ہیں، بعض مقامات پر ٹینکر کھڑے کر دیے گئے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
واٹر کارپوریشن حکام نے عوام سے صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ حالات کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں اور پانی کی فراہمی کو کسی بھی صورت مکمل طور پر متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔