وینا ملک کے نئے لُکس پر صارفین حیران، دلچسپ تبصروں کی بھرمار
پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان وینا ملک ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، تاہم اس مرتبہ ان کی کسی نئی فلم یا ڈرامے کے بجائے ان کے بدلے ہوئے ظاہری انداز نے صارفین کو حیران کر دیا ہے۔ اداکارہ کی حالیہ تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
وینا ملک نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو کی میزبانی شروع کی ہے۔ اس پروگرام میں وہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور شخصیات کو مدعو کرتی ہیں، جہاں صحت، تعلیم، طلبہ کی کامیابیوں اور معاشرتی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی جاتی ہے۔
پروگرام کی حالیہ اقساط سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں وینا ملک کے حلیے میں نمایاں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے، جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔
وینا ملک کے نئے لُکس پر بعض صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے چہرے اور مجموعی شخصیت میں تبدیلی کی نشاندہی کی۔ ایک صارف نے اداکارہ کا موازنہ معروف ٹی وی میزبان زبیدہ آپا سے کرتے ہوئے لکھا کہ وینا ملک اب ان جیسی دکھائی دے رہی ہیں۔
ایک اور صارف نے انہیں جم جانے کا مشورہ دیا، جبکہ کسی نے سوال کیا کہ آخر اداکارہ کو کیا ہوگیا ہے، وہ پہلے کے مقابلے میں کافی مختلف نظر آ رہی ہیں۔ بعض صارفین نے ان کی عمر اور ظاہری تبدیلی کو بھی اپنے تبصروں کا موضوع بنایا۔



یاد رہے کہ وینا ملک کا شمار پاکستان کی ان شوبز سلیبریٹیز میں ہوتا ہے جنہوں نے اداکاری کے ساتھ کامیڈی، طنز و مزاح اور ٹی وی میزبانی کے شعبوں میں بھی کام کیا ہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران سٹ کام ’مس فٹ‘، طنزیہ پروگرام ’ہم سب امید سے ہیں‘ اور فلموں ’محبتاں سچیاں‘، ’تیرے پیار میں‘ اور ’سلاخیں‘ میں اداکاری کی۔ بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں شرکت کے بعد بھی انہیں عالمی سطح پر کافی شہرت حاصل ہوئی تھی۔
وینا ملک وقتاً فوقتاً اپنی ذاتی زندگی، بیانات اور ٹی وی سرگرمیوں کے باعث بھی خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ اب ان کے نئے مارننگ شو اور بدلے ہوئے لُکس نے ایک بار پھر انہیں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔