پنڈی ٹیسٹ میں ایک مختلف اور بہتر ٹیم نظر آئے گی: بابر اعظم
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے، پنڈی ٹیسٹ میں ایک مختلف اور بہتر ٹیم نظر آئے گی۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا ہدف اب اگلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہے اور کرکٹ کے حوالے سے میری سوچ ہمیشہ مثبت رہتی ہے۔ ہر شخص کی اپنی رائے اور تجاویز ہوتی ہیں، تاہم ہم کبھی مکمل نہیں ہوتے بلکہ سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنا زیادہ کرکٹ کھیلوں گا، اتنا ہی بہتر ہوتا جاؤں گا۔ میرے لیے ہر میچ اور ہر سیریز اہمیت رکھتی ہے اور ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین کارکردگی دکھاؤں، تاہم نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور کپتان کھلاڑیوں کو میدان میں لڑانا اور ان سے بہترین کارکردگی لینا میری ذمہ داری ہے۔ ہمیں ماضی کے بجائے مستقبل پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ کھلاڑیوں سے کبھی اچھی کارکردگی ہوتی ہے اور کبھی نہیں، لیکن اہم بات یہ ہے کہ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھا جائے۔
اپنی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بہتری کے لیے کوچز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ہر میچ کے بعد اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ خامیوں کو دور کیا جاسکے۔
قومی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد دیا جا رہا ہے۔ ٹیم کا انتخاب کوچز اور سلیکٹرز کی ذمہ داری ہے جبکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے بتایا کہ انہوں نے براہ راست ان سے رابطہ نہیں کیا بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا تھا۔ اگر محمد یوسف ان سے رابطہ کریں گے تو وہ ضرور ان سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص کے سوچنے اور چیزوں کو دیکھنے کا اپنا انداز ہوتا ہے، اس لیے مختلف آرا اور تجاویز کو سمجھنا بھی سیکھنے کے عمل کا حصہ ہے۔