انڈر 19 ایشیا کپ: حمزہ ظہور نے کیا لکھ کر پرچی جیب میں ڈالی؟ پہیلی خود ہی سلجھا دی

انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف فتح کے ہیرو حمزہ ظہور رہے، جنہوں نے مشکل وقت میں ناقابلِ شکست سنچری بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی اور اپنی جیب سے ایک کاغذ کی پرچی نکال کر کیمروں اور شائقینِ کرکٹ کے سامنے لہرائی، جس کے متن نے سوشل میڈیا اور کرکٹ کی دنیا میں دھوم مچا دی ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مسقط میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے بھارت کا 209 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

پاکستان کی کامیابی میں وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے مرکزی کردار ادا کیا، جنہوں نے 108 گیندوں پر ناقابلِ شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی شاندار اننگز میں 12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی اور ابتدائی 5 کھلاڑی صرف 61 رنز پر پویلین لوٹ گئے تاہم اس موقع پر حمزہ ظہور نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بولرز کے سامنے مزاحمت کی۔

حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ حسنین عباس ڈار نے 67 گیندوں پر 38 رنز بنائے جب کہ حمزہ ظہور نے آخر تک وکٹ پر موجود رہتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بھارت کے خلاف شاندار اور تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ہیرو حمزہ ظہور نے اپنی جیب سے ایک کاغذ کی پرچی نکال کر کیمروں اور شائقینِ کرکٹ کے سامنے لہرائی، جس کے متن نے سوشل میڈیا اور کرکٹ کی دنیا میں دھوم مچا دی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پرچی پر انگریزی میں لکھا ہوا تھا کہ ”Tomorrow match 50 Insha Allah. Hamza Zahoor best“ حمزہ ظہور نے میچ سے ایک دن پہلے ہی کاغذ پر تحریر کر کے یہ پیشگوئی کی تھی کہ وہ بھارت کے خلاف اگلے میچ میں انشاء اللہ 50 رنز بنائیں گے تاہم انہوں نے ففٹی کے بجائے سنچری اسکور کردی۔

شاندار کارکردگی پر حمزہ ظہور کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا جب کہ بھارت کے خلاف کامیابی پر حمزہ ظہور میدان میں سجدہ ریز بھی ہوئے۔

حمزہ ظہور کی اس منفرد پیشگوئی اور کاغذ لہرانے والے جشن (Paper Celebration) کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں۔

اس سے قبل بھارت انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے 85 گیندوں پر 107 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جب کہ آریان سہواگ 22 اور کاویا پٹیل 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم دفاعی چیمپئن ہے اور گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھی اس نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

Related posts