مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ ولادت آج 9 نومبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جبکہ لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہوگیا۔ مہمانِ خصوصی پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین نے دونوں دستوں کا معائنہ کیا۔
گارڈز کی تبدیلی کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور سویلینز نے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر اور بعد ازاں گورنمنٹ کالج لاہور سے حاصل کی۔ 1905 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ گئے، جہاں قانون کی تعلیم مکمل کی، جبکہ جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
اقبال نے اپنی شاعری اور سیاسی فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خودداری، اتحاد اور آزادی کا شعور بیدار کیا۔ 1930 میں آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاسِ الہ آباد میں اپنے صدارتی خطبے کے دوران انہوں نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کیا، جو آگے چل کر تحریکِ پاکستان کی فکری بنیاد بنا۔
ان کے معروف شعری مجموعوں میں بانگِ درا، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، ارمغانِ حجاز، زبورِ عجم اور پیامِ مشرق شامل ہیں۔ علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں برطانوی حکومت نے انہیں 1922 میں ’’سر‘‘ کا خطاب دیا تھا۔
علامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے یومِ ولادت کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارز، مباحثوں اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں ان کی فکر، شاعری اور تحریکِ پاکستان کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔