190 ملین پاؤنڈ کیس: عدالت کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے وکلاء کی ملاقات کرانے کی ہدایت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ کے وکلا کی اپنے مؤکلین سے ملاقات کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی، اس دوران مل ملزمان کے وکلاء اور نیب کے پراسیکیوٹر کے درمیان سخت عدالتی مکالمہ دیکھنے میں آیا۔

سماعت کے آغاز پر وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کی جانب سے ملاقات کا حکم دیے جانے کے باوجود آج تک ان کی موکلین سے ملاقات نہیں کرائی گئی، جس پر چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت نے ان کی نہیں بلکہ بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔

دورانِ سماعت بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی صحت کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور ان کی آنکھ میں انجری کے آثار بھی نمایاں ہیں، جبکہ جیل میں ان کا مناسب علاج ممکن نہیں۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی شدید متاثر ہو چکی ہے اور 15 نومبر کے قریب ان کا دوبارہ آپریشن متوقع ہے، اس لیے انہیں علاج کے لیے ضمانت دی جائے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے اور بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آٹھ نومبر کو بھی میڈیکل بورڈ نے ان کا چیک اپ کیا ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی فریق اس کیس کو طوالت دینے کے لیے مختلف حیلے بہانے تراش رہا ہے اور اب تیاری کے نام پر مزید وقت مانگا جا رہا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیے کہ اپیلوں پر حتمی دلائل کا آغاز اب ناگزیر ہو چکا ہے۔

عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے کم از کم ایک گھنٹے کی جیل ملاقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ ملاقات کا بندوبست جلد از جلد کیا جائے تاکہ آئندہ ہفتے سے اپیلوں پر باضابطہ دلائل کا آغاز کیا جا سکے، جبکہ کیس کی مزید کارروائی مقررہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھائی جائے گی۔

Related posts